0
Tuesday 24 Dec 2019 13:01
جمال خاشگی کیس کا فیصلہ انسانیت کیساتھ مذاق جبکہ

جمال خاشگی قتل کا ماسٹر مائنڈ تاحال آزاد ہے، نمائندہ اقوام متحدہ

جمال خاشگی قتل کا ماسٹر مائنڈ تاحال آزاد ہے، نمائندہ اقوام متحدہ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر برائے ماورائے عدالت قتل ایگنس کالامارڈ نے جمال خاشگی قتل کی سعودی عدالت کی کارروائی پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ ایگنس کالامارڈ کا کہنا تھا کہ سنایا گیا سعودی فیصلہ انسانیت کیساتھ مذاق اور عدالت سے کہیں دور ہے کیونکہ جمال خاشگی قتل کا ماسٹر مائنڈ نہ صرف آزاد ہے بلکہ اس سے بازپرس بھی نہیں کی گئی۔

سعودی عدالت نے ترکی میں موجود سعودی سفارتخانے میں سعودی رژیم مخالف معروف عالمی صحافی جمال خاشگی کے سفاکانہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے سوموار کے روز 5 ملزموں کو سزائے موت جبکہ دوسرے 3 ملزموں کو 24 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ اقوام متحدہ کی سپیشل رپورٹر کے مطابق اس قتل کا ماسٹر مائنڈ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان ہے جس کو سعودی عدالت نے تمامتر عدالتی کارروائی سے ماورا رکھا ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عدالت نے جمال خاشگی قتل کے ماسٹر مائنڈ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کے مشیر خاص سعود القحطانی کے بارے میں یہ رائے دی ہے کہ اس پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا اور اسی طرح سعودی عدالت نے ترکی میں موجود سعودی سفارتخانے کے کونسل جنرل محمد العتیبہ کو بھی بری کر دیا ہے جسے پہلے دن سے ہی جمال خاشگی کے قتل میں ملوث گردانا جا رہا تھا۔

واضح رہے کہ سعودی رژیم پر تنقید کرنے والے معروف عالمی صحافی جمال خاشگی 20 اکتوبر 2018ء کو ترکی میں موجود سعودی سفارتخانے میں داخل ہوئے تھے لیکن پھر وہاں سے باہر نہیں آئے جس پر سعودی حکام پہلے تو سفارتخانے میں انکے داخلے سے انکار کرتے رہے تاہم 20 اکتوبر کو جاری ہونیوالے بیان میں سعودی سفارتخانے میں جمال خاشگی کے بہیمانہ قتل کا اعتراف کرنے پر مجبور ہو گئے۔ تب سعودی پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا یہ تھا کہ جمال خاشگی سعودی سفارتخانے میں کچھ لوگوں کیساتھ لڑ پڑے تھے جسکے بعد اُنکی طبیعت خراب ہو گئی تھی اور وہ فوت ہو گئے تھے تاہم عالمی دباؤ کی وجہ سے سعودی عدالت نے اس کیس میں 18 سعودیوں کو ملزم قرار دیتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔ دوسری طرف ترکی کے پراسیکیوٹر جنرل نے 31 اکتوبر 2018ء کے روز اپنے ایک بیان میں واضح طور پر کہا تھا کہ جمال خاشگی کو سفارتخانے کی عمارت میں داخل ہونے کے ساتھ ہی پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت بہیمانہ انداز میں قتل کر دیا گیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 834557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش