0
Thursday 26 Dec 2019 22:53

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے، علامہ وحید کاظمی

بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے، علامہ وحید کاظمی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حکومتی اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کا متوسط طبقہ پہلے ہی منگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔ سیاست دانوں کی لوٹ مار کا بدلہ عوام سے نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کا ساتھ ایسی تبدیلی کے لیے دیا تھا جس سے طبقاتی تفریق کا خاتمہ ہو اور ہر شہری کو باوقار زندگی گزارنے کے یکساں مواقع حاصل ہو سکیں لیکن یہاں صورتحال توقعات کے بالکل برعکس ہوتی جا رہی ہے۔ عام آدمی کی زندگی کو اجیرن بنایا جارہا ہے۔ مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ اور بنیادی ضروریات زندگی کے حصول میں رکاوٹیں تحریک انصاف کی مقبولیت کے لیے سخت خطرہ ہیں۔ قوم کو مزید آزمائش میں ڈالنا دانشمندی نہیں۔ عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک اب بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 834976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش