0
Saturday 28 Dec 2019 17:46

مانسہرہ، مدرسے میں بچے سے مبینہ جنسی زیادتی، مدرسہ سیل

مانسہرہ، مدرسے میں بچے سے مبینہ جنسی زیادتی، مدرسہ سیل
اسلام ٹائمز۔ مانسہرہ میں مبینہ طور پر مدرسہ تعلیم القرآن کے مولوی نے 10 سالہ بچے کو شدید تشدد کے بعد اپنی ہوس کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد تھانہ پھلڑا میں ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق ملزم نے بچے کے ساتھ درجنوں بار زبردستی جنسی زیادتی کی۔ ذرائع کے مطابق شدید جنسی زیادتی کے بعد بچے کی آنکھوں سے خون آنا شروع ہوگیا تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بچے کو ایوب میڈیکل کمپلکس ایبٹ آباد شفٹ کر دیا گیا ہے۔ مانسہرہ میں پولیس کے اہلکاروں کے پاس علی گوہر نامی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ انہوں نے اپنے 10 سالہ بھتیجے کو دو سے تین ماہ پہلے مدرسے میں داخل کرایا تھا۔ چند روز پہلے انہیں ٹیلیفون پر اطلاع ملی کہ ان کے بھتیجے کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے، تو وہ خود اسوقت اپنی بیٹی کے علاج کیلئے ہسپتال میں موجود تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مدرسے کے ایک استاد نے چچا کی درخواست پر بچے کو ہسپتال پہنچا دیا جہاں طبی معائنے سے معلوم ہوا کہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کے علاوہ اس بچے کے پر جسمانی تشدد بھی کیا گیا تھا۔ بچے کی آنکھوں پر زخم اور آنکھیں سرخ ہوچکی ہیں۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بھتیجے نے چچا کو بتایا کہ مدرسے کے ایک استاد نے، جو کہ مہتمم مدرسہ کے بھائی ہیں، مدرسے کے ایک طرف لے جا کر اس سے بدفعلی کی جس پر اس نے شور شرابا کیا تو مدرسے کے دیگر لوگ جمع ہوگئے اور بچے کو مارا پیٹا اور اسے ڈرایا کہ خبر دار اگر کسی کو اس بارے میں بتایا۔ مانسہرہ کے ضلع پولیس افسر صادق بلوچ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں، جبکہ جرم میں شریک معاونین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ مدرسے کو سیل کر دیا گیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 835261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش