0
Wednesday 1 Jan 2020 20:59

حکومت نے امریکی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈال رکھا ہے، اعجاز ہاشمی

حکومت نے امریکی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈال رکھا ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ 2019ء حکومت کی ناکامیوں، یوٹرن اور قوم کی مایوسیوں کا سال گزرا ہے، معاشی سیاسی آئینی اور سفارتی محاذ پر موجودہ حکومت کو شرمندگی کا سامنا رہا، ہاں حکومت نے انتقام کی سیاست کو ضرور فروغ دیا، دوست ممالک کا اعتماد کھو دیا، سعودی اور امریکی دباو پر حکومت نے خارجہ پالیسی تبدیل کرکے سبکی کے سوا کچھ حاصل نہیں کیا۔ لاہور میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نااہلوں اور مختلف جماعتوں کے بھگوڑے سیاسی یتیموں کا ٹولہ ہے، جنہوں نے پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں بدترین حکمرانی کو متعارف کروایا اور عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور عالمی حالات پر وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں اچھی تقریر کرکے عالم اسلام کا مقدمہ پوری دنیا کے سامنے پیش کیا مگر اس کے بعد معاشی حالات کے ہاتھوں مجبور پاکستان کو جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا اور اب تو ہم عالمی سطح پر ہی نہیں اسلامی دنیا میں بھی تنہائی کا شکار ہیں، اسلامی ممالک میں سے ترکی، ملائیشیا اور ایران جیسے دوست بھی ہم سے ناراض ہو چکے ہیں، جنہوں نے کشمیر کے مسئلے پر ہماری کھل کر مدد کی تھی اور انڈیا کی مخالفت مول لی، مگر ہم نے ان کیساتھ دھوکہ کیا اور سعودی عرب کو خوش کرنے کیلئے کوالالمپور کانفرنس میں شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے امریکی غلامی کا طوق اپنے گلے میں ڈال رکھا ہے کیونکہ وہ ممالک جو خود امریکی سہارے کے بغیر نہیں چل سکتے ان کے پاس ہم نے اپنی قومی غیرت و حمیت کو گروی رکھ دیا ہے، اللہ کرے کہ ہم 2020ء میں باوقار قوم کے طور پر سر اٹھا کر چلنے کے قابل ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 835938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش