0
Wednesday 8 Jan 2020 21:24

حاج قاسم سلیمانی کی شہادت سے ہمارے دل زخمی ہیں، امریکہ انتقام الہی سے نہیں بچ سکتا، علامہ مقصود ڈومکی

حاج قاسم سلیمانی کی شہادت سے ہمارے دل زخمی ہیں، امریکہ انتقام الہی سے نہیں بچ سکتا، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، شیعہ قومی اتحاد اور ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام جیکب آباد میں حاج قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ ڈی سی چوک پر احتجاجی مظاہرے سے علامہ مقصود علی ڈومکی، انتظار حسین چھلگری، ندیم قریشی، سید مظہر علی نقوی، منصب علی بروہی ،عبدالحئی سومرو، سید غلام شبیر نقوی، وسیم لطیف مہر سید، شبیر علی شاہ، عاشق پٹھان، نذیر احمد و دیگر نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عراقی سرزمین پر جارحیت کرکے امریکہ نے ایک عظیم مجاہد اور ایک ولی خدا کو ان کے باوفا ساتھیوں کے ساتھ شہید کیا ہے، صدر ٹرمپ امریکہ کا گورباچوف ثابت ہوگا، امریکہ کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے، عراقی پارلیمنٹ کے فیصلے اور عراقی وزیراعظم کے مطالبے پر قابض اور غاصب امریکی افواج فی الفور عراق کی سرزمین سے نکل جائیں۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ حق و باطل کی اس جنگ میں ہم حق اور اہل حق کے ساتھ کھڑے ہیں، اب وقت آچکا ہے کہ کہ پاکستانی حکمران امریکی اور سعودی کی غلامی سے باہر نکلیں اور ایک آزاد اور خودمختار ملک کی طرح فیصلے کریں۔ انہوں نےکہا کہ امریکہ اور اسرائیل کا زوال قریب ہے اور شیاطین عالم کو اللہ کے صالح بندے شکست دیں گے جو شہادت کی تمنا لئے زندہ رہتے ہیں، جنرل قاسم سلیمانی کی زندگی راہ خدا میں جہاد اور شوق شہادت سے عبارت تھی، وہ مظلوموں کا حامی اور ظالموں اور ستمگروں کا دشمن تھا، ان کی شہادت سے ہمارے دل زخمی ہیں اور سینے میں ایک آگ ہے جو ٹھنڈا ہونے کا نام نہیں لے رہی، عصر حاضر کے بہترین انسان بدترین دشمن کے ہاتھوں قتل ہوئے، امریکہ انتقام الہی سے نہیں بچ سکتا۔
خبر کا کوڈ : 837331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش