0
Monday 13 Jan 2020 16:30

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والی عدالت اور ٹرائل کالعدم قرار دیدیا

لاہور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والی عدالت اور ٹرائل کالعدم قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا ٹرائل کرنے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنایا۔ لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالت کا قیام کالعدم قرار دیتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ آرٹیکل 6 میں ترمیم کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا، عدالت نےکرمنل لاء اسپیشل کورٹ ترمیمی ایکٹ 1976ء کی دفعہ 4 کو کالعدم قراردے دیا۔ خصوصی عدالت کی تشکیل کے خلاف سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ وفاقی حکومت کی طرف سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان پیش ہوئے اور خصوصی عدالت کی تشکیل کی سمری اور ریکارڈ عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پرویز مشرف کے خلاف کیس سننے والی خصوصی عدالت کی تشکیل کابینہ کی منظوری کے بغیر ہوئی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے سیکرٹری داخلہ کو پرویز مشرف کے خلاف کمپلینٹ درج کروانے کی ہدایت کی، 18ویں ترمیم کے بعد وفاقی حکومت کو یا نیا نوٹیفیکیشن جاری کرنا چاہیئے تھا یا پرانے نوٹیفیکیشن کی تصدیق کرتی، 18ویں ترمیم میں آرٹیکل 6 میں اعانت اور معطل رکھنے کے الفاظ شامل کئے گئے، ایمرجنسی میں بنیادی حقوق معطل کئے جا سکتے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق احمد خان نے کہا کہ آئین کے تحت ایسا کیا جا سکتا ہے، آرٹیکل 6 میں آئین معطل رکھنے کا لفظ پارلیمنٹ نے شامل کیا۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ تو پھر آئین سے انحراف کیسے ہو گیا؟، آپ نے 3 لفظ شامل کر کے پورے آئین کی حیثیت کو بدل دیا، اس کے ساتھ ساتھ آپ نے ایمرجنسی کو شامل رکھا ہوا ہے۔ اشتیاق احمد خان نے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ، گورنر پنجاب پھر چیف جسٹس پاکستان پھر صدر مملکت منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی عدالت کی تشکیل کیلئے مذکورہ طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا، نئی قانون سازی کے بعد جرم کی سزا ماضی سے نہیں دی جا سکتی۔ اس موقف پر بنچ میں موجود جسٹس مسعود جہانگیر نے کہا کہ پھر ہم سمجھیں کہ جو پرویز مشرف کا موقف ہے وہی آپ کا موقف ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ سر میں تو ریکارڈ کے مطابق بتا رہا ہوں۔ ان تمام دلائل کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی آئینی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف خصوصی عدالت کی تشکیل کو غیر آئینی، غیر قانونی اور کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ خصوصی عدالت کی تشکیل کے وقت آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے اور خصوصی عدالت میں شکایت درج کرتے وقت قانون کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے ملزم کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنانے کو بھی غیر اسلامی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل کرنا غیر آئینی ہے۔

اس سے قبل کیس کی گذشتہ سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے سابق صدر کے خلاف فردِ جرم پڑھ کر سنائی تھی اور کہا تھا کہ فردِ جرم میں لکھا گیا ہے کہ ایمرجنسی لگا کر آئین توڑا گیا ہے۔ پرویز مشرف کی جانب سے 85 صفحات پر مشتمل دائر درخواست میں عدالتی فیصلے کے پیرا گراف 66 پر بھی اعتراض اٹھایا گیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ خصوصی عدالت نے عجلت میں فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق صدر کو دفاع کا موقع نہیں دیا گیا، جبکہ خصوصی عدالت کے رکن جسٹس نذر اکبر نے اختلافی فیصلے میں لکھا کہ 2007ء میں آئین کی معطلی غداری کے زمرے میں نہیں آتی تھی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد روکا جائے۔ خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف گزشتہ ماہ 17 دسمبر کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا فیصلہ سنایا تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 838190
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش