0
Saturday 25 Jan 2020 19:39

ایرانی میزائل حملوں میں مزید امریکی فوجیوں کے زخمی ہونیکا اعتراف

ایرانی میزائل حملوں میں مزید امریکی فوجیوں کے زخمی ہونیکا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ عراق میں عین الاسد ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملوں میں امریکی فوج کے جانی و مالی نقصانات کو چھپانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہونے کے بعد پینٹاگون نے دوسری مرتبہ مزید فوجیوں کے زخمی ہونے کا اعتراف کر لیا۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ایک بیان کے مطابق عراق میں امریکی بیس پر ایرانی حملے کے بعد 34 امریکی فوجیوں کو شدید دماغی چوٹ (ٹی بی آئی) کی تشخیص کی گئی ہے۔ ایک ترجمان کے مطابق فی الحال 17 فوجیوں کی اب بھی طبی نگہداشت کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ ہفتے پینٹاگون کی جانب سے کہا گیا تھا کہ 11 فوجیوں کو حملے کے نتیجے میں آنے والی گہری دماغی چوٹوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ حملے کے روز امریکی صدر نے کہا تھا کہ سب ٹھیک ہے، حملے میں کوئی بھی امریکی زخمی نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ 3 جنوری کو جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی شہادت کے بعد ایران نے جوابی وار کرتے ہوئے اربیل اور عین الاسد ایئربیس پر دو فوجی اڈوں پر 15 بلیسٹک میزائلوں سے حملہ کیا تھا۔ میزائل حملے میں 80 امریکی فوجی ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ حال ہی میں ایک امریکی ٹیلی ویژن پر لائیو نشریات کے دوران ایک امریکی فوجی کی ماں نے کہا تھا کہ میرا بیٹا بھی اسی ایئر بیس پر تھا، حملے کے بعد سے اب تک ان سے کوئی رابطہ نہیں، اگر کوئی فوجی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا تو میرا بیٹا کہاں ہے۔ پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ ایران نے بیلسٹک میزائل مارے ہیں، کوئی پھول تو نہیں برسائے، ہلاکتیں یقینی ہیں۔ دوسری جانب امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے حال ہی میں ایک رپورٹ میں عین الاسد ایئر بیس کی تباہی کے مناظر دکھائے تھے۔ جن میں دکھایا گیا تھا کہ میزائل حملے کے نتیجے میں ایئربیس راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 840650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش