0
Monday 27 Jan 2020 16:56

کورونا وائرس کا مشتبہ مریض پمز ہسپتال سے فرار ہو گیا

پاکستان طالبعلم متاثرہ صوبے یوہان میں محصور ہو کر رہ گئے
کورونا وائرس کا مشتبہ مریض پمز ہسپتال سے فرار ہو گیا
اسلام ٹائمز۔ پمز اسپتال میں کورونا وائرس کا مشتبہ مریض کھانا کھانے کے بہانے غائب ہو گیا ہے۔ ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ایک نوجوان منہ ڈھانپے ہوئے ان کے پاس آیا تو اسے کورونا وائرس کا مشتبہ مریض سمجھ کر ایچ آئی وی کرٹسی سینٹر میں بٹھا دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق انتظامیہ نے آئیسولیشن وارڈ میں اسے منتقل کرنے کے انتظامات کر لیے جبکہ اس کے نمونے لینے کے لیے قومی ادارہ صحت کی ٹیم بھی طلب کر لی گئی۔ ڈاکٹر وسیم خواجہ کا کہنا ہے کہ نوجوان سے اس کی بیماری کی علامات کے متعلق بھی پوچھا گیا۔ اس دوران نوجوان کھانا کھانے کے لیے چلا گیا اور واپس نہ آیا، اسے اسپتال میں تلاش کیا گیا تو وہ غائب تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ نوجوان چین کے علاقے ووہان کی ایک جامعہ میں زیرتعلیم تھا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز ووہان سے ہوا جہاں سے پھیلتا ہوا یہ دنیا کے مختلف ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ چینی حکام کے مطابق اس وائرس سے اب تک 2700 افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 461 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 80 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس کئی طریقوں سے ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہوتا ہے، ان میں کھانسی، چھینک، ہاتھ ملانا شامل ہیں۔ اگر متاثرہ شخص نے کس چیز کو چھوا ہو اور اسے دوسرا فرد چھو کر اپنے منہ، ناک یا آنکھوں کو لگائے تو اس صورت میں بھی وائرس کے پھیلنے کا امکان ہوتا ہے۔

دوسری جانب چینی صوبے یوہان کی انجینئرنگ اینڈ سائنس یونیورسٹی میں محصور طلبہ نے ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔ چین کے صوبے یوہان کی انجیئرنگ اینڈ سائنس یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ بھی ’کرونا وائرس‘ کے خوف سے متاثر ہو رہے ہیں اور چین کے بعد دیگر ممالک میں پھیلتے وائرس کی وجہ سے پاکستانی طلبہ یونیورسٹی میں ہی محصور ہو گئے ہیں۔ یونیورسٹی کے طلباء کی جانب سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے چینی اور پاکستانی حکام سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث یوہان کا چین سے رابطہ منقطع ہو چکا ہے اور یوہان میں 12 جامعات کے 2 ہزار  سے زائد پاکستانی طلباء وطالبات خوراک کی قلت کا شکار ہیں۔ پاکستانی طلباء نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزارت خارجہ چین کے آفت زدہ صوبے سے نکلنے میں مدد کریں۔ واضح رہے کرونا وائرس سے متاثرہ یوہان صوبے کی یونیورسٹیز میں پڑھنے والے طالبعلموں کا تعلق پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 841000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش