0
Thursday 30 Jan 2020 15:35

خیبر پختونخوا، کڈنی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکی سفارش

خیبر پختونخوا، کڈنی ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز ایک ہفتے کیلئے بند کرنیکی سفارش
اسلام ٹائمز۔ صوبے کے سب سے بڑے امراض گردہ کے ہسپتال انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیسیزز حیات آباد میں مریضوں کی دوران سرجری انفیکشن سے متاثر ہونے کے باعث ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز ہنگامی بنیادوں پر ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کی سفارش کردی گئی۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آف یوآرلوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ کی جانب سے اس سلسلے میں ہسپتال انتظامیہ کو باضابطہ سفارش کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسروں اور سینئر فیکلٹی کا اجلاس ہوا جس میں آپریشن تھیٹرز میں مریضوں میں انفیکشن پھیلنے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس کے خاتمے کیلئے سفارشات تیار کی گئیں۔ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹرز کو بھیجی گئیں سفارشات میں کہا گیا ہے کہ بندش کے دوران آپریشن تھیٹرز کو دھوکر صاف کیا جائے گا، اسپرے کیا جائے گا اور انفیکشن کے خاتمے کی تصدیق کے بعد آپریشن تھیٹرز کھولے جائیں گے۔ اجلاس میں انفیکشن کے پھیلاؤ کی ممکنہ وجوہات کی نشاندہی کی گئی جس کے مطابق آپریشن تھیٹرز کے نرسز باقاعدہ تربیت یافتہ نہیں ہیں اور جلدی تبدیل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے ان میں ہاتھ دھونے اسکربنگ کی تکنیک کی کمی ہے۔

او ٹی، آئی سی یو، ٹرانسپلانٹ آئی سی یو اور ایمرجنسی اسٹاف کو مخصوص کیا جائے اور پھر باقاعدہ تربیت دی جائے، جبکہ باقاعدہ مانیٹرنگ بھی کی جائے۔ دوران اجلاس کہا گیا آلات کی کمی اور مریضوں کی زائد تعداد کی وجہ سے انفیکشن پھیل رہا ہے، لہٰذا ہر او ٹی (آپریشن تھیٹر) کو آلات فراہم کئے جائیں، آپریشن تھیٹرز میں مختلف اداروں کے ٹرینیرز کی وجہ سے رش بڑھ گیا ہے اس لئے او ٹیز میں رش کے خاتمے کیلئے اداروں سے معاہدے منسوخ کئے جائیں، فٹیگ بھی انفیکشن کی ایک بڑی وجہ ہے اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، صفائی اور اسٹرلائزیشن کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ ایمرجنسی کیس سے ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں سینئر کی نگرانی میں نمٹا جائے۔
خبر کا کوڈ : 841608
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش