0
Friday 31 Jan 2020 18:25

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکومت نے مشکل فیصلے کئے ہیں، اسد قیصر

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے حکومت نے مشکل فیصلے کئے ہیں، اسد قیصر
اسلام ٹائمز۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ ملک کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں صحافت کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافتی برادری کے فلاح و بہبود اور اُن کی سکیورٹی کے لیے اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ کا  مکمل ادراک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں پشاور پریس کلب کے نو منتخب عہداداران پر مشتمل پانچ رکنی وفد کے ساتھ اپنی ہونے والی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں صحافی براداری کو درپیش مسائل سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ صحافت جمہوریت کا اہم ستون ہے اور صحافتی برادری نے جمہوریت کی بحالی کے لیے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی تنگدستی کا سامنا تھا، جس سے نکلنے کے لیے مشکل فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور معیشت کی وجہ سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ پڑا ہے، جس کی وجہ سے صحافی برادری کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مشکل فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی برادری پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ حکومت کے ملکی مفاد میں کیے گئے فیصلوں  کے بارے میں عوام کو آگاہ کرے۔ اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کاموں کا اجراء کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے مفاد میں تمام ملکی اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نو منتخب عہداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے انتخاب سے خیبر پختونخوا میں صحافتی شعبے کی ترقی اور عوامی مسائل کو  مثبت انداز سے اُجاگر کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ صدر پریس کلب نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی سفارت کاری اور ایوان میں ماحول کو خوشگوار بنانے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے بطور اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی ریکارڈ قانون سازی کی تھی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آپ کی سربراہی میں قومی اسمبلی میں صحافتی برادری  کے مسائل کو قانون سازی کے ذریعے حل کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 841807
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش