0
Tuesday 4 Feb 2020 10:24

حکومت اور مسلم لیگ (ق) کے مذاکرات

حکومت اور مسلم لیگ (ق) کے مذاکرات
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اتحادی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ ان کے ساتھ اتحاد مضبوط ہے اور خدشات بڑی حد تک حل ہو گئے ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ یہ ایک سوچ کا رشتہ ہے، ہماری سوچ ایک دوسرے سے ملتی ہے اور ہم پاکستان، اس کے مستقبل کے لیے جو ہم چاہتے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ جو چاہتی ہے وہ ایک ہے، اس لیے یہ بڑا مضبوط رشتہ ہے، اگر عمل درآمد میں کہیں مسئلہ ہوتا ہے تو وہ ایسا مسئلہ نہیں کہ حل نہ ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ساتھ ایک مضبوط اور مستقل ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گا، جو بھی دشواری ہو گی اس کو عبور کیا جائے گا، انتہائی اچھے ماحول میں تقریبا ڈیڑھ گھنٹے ملاقات کی ہے، میں ان کا بہت مشکور ہوں چوہدری صاحب سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، ان کا بہت تجربہ بھی ہے اور جہاندیدہ بھی ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری چوہدری پرویز الہیٰ سے دوبدو ملاقات ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے جو معاملات تھے ان پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں اس تاثر کو زائل کرنا چاہتا ہوں کہ نئی کمیٹی بنانے کا مقصد یہ نہیں ہے کہ جو پہلے معاہدے ہوئے تھے ان پر دوبارہ گفت و شنید ہو گی، ایسا نہیں ہے بلکہ جو معاہدے ہو چکے ہیں انہی پر آگے چل کر عمل درآمد ہو گا، جو پہلے طے ہو چکا ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی اور اسی کو لے کر چلیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عنقریب ہماری کمیٹی کی پاکستان مسلم لیگ (ق)کی کمیٹی سے تفصیلی گفتگو ہو گی جس میں چیمہ صاحب اور مونس صاحب ہیں۔ شفقت محمود نے کہا کہ کمیٹیوں کے درمیان ملاقات اگلے 4 یا 5 دنوں میں ہو جائے گی اور ہمارے درمیان جو رشتہ ہے وہ انتہائی مضبوط ہے اور یہ بات میں ان کے گھر میں کھڑے ہو کر کہہ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) بالکل ناراض نہیں ہے کچھ خدشات تھے ان چیزون کے بارے میں بات ہوئی ہے یہ خدشات بہت حد تک حل ہو گئے ہیں اور جب کمیٹی آپس میں بیٹھے گی تو اس معاہدے کی شقوں پر بات ہو گی۔
خبر کا کوڈ : 842499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش