0
Tuesday 4 Feb 2020 22:00

شام، صوبہ ادلب میں شامی افواج کی پیشقدمی جاری

ادلب کا مشرقی اہم شہر "سراقب" آزادی کی دہلیز پر
شام، صوبہ ادلب میں شامی افواج کی پیشقدمی جاری
اسلام ٹائمز۔ شام کی  سرکاری خبررساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق شامی افواج نے گزشتہ روز کے دوران ادلب کے مشرق میں واقع شہر "سراقب" کیطرف اپنی پیشقدمی کے دوران حلب تا لاذقیہ بین الاقوامی ہائی وے کیساتھ ساتھ "ابوالظہور" نامی علاقے میں واقع "النیراب" سمیت 4 مزید گاؤں آزاد کروا لئے ہیں۔ شامی افواج نے بیرونی مخالفت کے باوجود اپنے کلین سویپ آپریشن کے دوران آج بین الاقوامی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے بڑے اڈوں کا صفایا کرتے ہوئے انکے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ادلب شہر کی آزادی کیلئے شامی افواج کا پہلا مقصد اسٹریٹیجک شہر "سراقب" کو آزاد کروانا ہے جو ادلب شہر کی آزادی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ شامی شہر ادلب کی آزادی کیلئے گزشتہ کئی روز سے جاری آپریشن کے دوران شامی افواج نے ادلب کے مشرق میں واقع اس شہر کے گردونواح کے اکثر علاقوں کو آزاد کروا لیا ہے جبکہ شہر ادلب میں واقع دہشتگردوں کے آخری ٹھکانے پر مشرق کی جانب سے بھرپور چڑھائی کی تیاریاں بھی زوروشور سے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ شامی افواج نے ایک ہفتہ قبل ہی ادلب کے جنوب میں واقع اسٹریٹیجک شہر "معرہ النعمان" کو دہشتگردوں کے کنٹرول سے واپس لیا تھا اور قبل ازیں شامی افواج صوبہ حلب کے اہم شہر "خان طومان" کو بھی آزاد کروا چکی تھیں جسکے باعث وہاں موجود تمامتر بین الاقوامی دہشتگرد شہر ادلب میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ جاری سال کے شروع میں شامی صوبوں ادلب اور حلب میں سرکاری افواج کا آپریشن تب اپنے زوروں کو پہنچ گیا تھا جب 9 جنوری 2020ء کے روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردوغان کے درمیان طے پانے والے سیزفائر معاہدے کو 2 ہی دنوں کے بعد دہشتگردوں کیطرف سے توڑ دیا گیا تھا۔ شامی صوبے ادلب کی اہمیت کیلئے یہی کافی ہے کہ یہ صوبہ شامی سرزمین کے 11 فیصد علاقے پر مشتمل ہے جبکہ سرکاری افواج کیطرف سے اس کے اکثر حصوں کو اپنے کنٹرول میں واپس لے لینے کے بعد اب اس صوبے کی مکمل آزادی زیادہ دور نہیں۔
خبر کا کوڈ : 842650
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش