0
Wednesday 5 Feb 2020 12:51

یوم یکجہتی کشمیر، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں

یوم یکجہتی کشمیر، ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں
اسلام ٹائمز۔ یوم یکجتہی کشمیر کے سلسلے میں اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، ملتان، کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، ڈیرہ بگٹی میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ کوہالہ پل، آزاد پتن، راولاکوٹ سمیت شہر شہر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ سائرن بھی بجائے گئے۔ شرکاء نے مظلوموں کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی شیڈول ہے جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا بھارت نے سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سر زمین پر قیدی بنا رکھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا آج کا دن کشمیریوں کیلئے اپنی حمایت کی تصدیق کا دن ہے، کشمیریوں کو 6 ماہ سے بھارت کے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق بھارتی دعوے بے نقاب ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا بھارت نے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کو اُن کی سر زمین پر قیدی بنا دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، دنیا خطے کے امن و سلامتی کو خطرات سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ بھارتی افواج صرف کنٹرول لائن پر جان بوجھ کر سول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہیں، آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 842766
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش