0
Tuesday 11 Feb 2020 20:19
انقلاب کی کامیابی کی وجہ یہ ہے کہ اللہ ایران کیساتھ ہے، علامہ افضل حیدری

لاہور، جامعہ المنتظر میں انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی تقریب

سالگرہ کی تقریب میں شہید قاسم سلیمانی کیلئے قرآن خوانی کا بھی اہتمام
لاہور، جامعہ المنتظر میں انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی تقریب
اسلام ٹائمز۔ حوزہ علمیہ جامعة المنتظر میں انقلاب اسلامی ایران کی 41 ویں سالگرہ اور 3 جنوری کو عراق میں امریکی دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونیوالے جنرل قاسم سلیمانی و رفقاء کے چہلم کی مناسبت سے تقریب منعقد ہوئی۔ شہداء کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد امام خمینی ؒ کا بڑا کارنامہ اس نظام کے استحکام اور بقاء کیلئے مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کی مخالفت کے باوجود آج یہ اپنی کامیابی کے 41 سال مکمل کر چکا ہے، دنیا نے دیکھا کہ صدر، وزیر اعظم سمیت پوری پارلیمنٹ کے بم دھماکہ میں اڑ جانے کے باوجود دین مبین کے سنہری اصولوں پر مبنی مضبوط نظام میں کوئی خلل واقع نہ ہونا اسلامی نظام حکومت کے ناقابل شکست ہونے کا بین ثبوت اور فتح مبین ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی اسلام کا قابل فخر سپہ سالار اور نظام ولایت کا وفادار تھا جو رسالت و امامت کے بعد ہدایت و راہنمائی کا تسلسل ہے، رہبر کی اطاعت جنرل قاسم سلیمانی کے کردار کی عظمت کا نمایاں پہلو تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید نیاز حسین نقوی نے کہا کہ رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی اطاعت جنرل قاسم سلیمانی کے کردار کی عظمت کا نمایاں پہلو تھا۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کا خط وصول کرنے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ وہ معمولی سپاہی ہیں، میرے رہبر سے رابطہ کیا جائے، انبیاءؑ، اہلبیت ؑ اور صحابہ ؓ کے مزارات کا دفاع اور شام کو داعش اور امریکی تسلط سے نجات دلانا بھی اس عظیم کمانڈر کا اہم کارنامہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے شام کئی حوالوں سے عالم اسلام کا اہم مرکز ہے، اسرائیلی مفادات کی خاطر امریکہ نے ہر لحاظ سے شام کو زیر کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہا، ایک طرف داعش کو میدان میں اتارا تو دوسری طرف سعودی عرب کے ذریعے بشار الاسد کو خریدنے کی کوشش کی مگر بشار حکومت نے دانشمندی کا ثبوت دیتے ہوئے ایران کی آزاد و خود مختار اسلامی حکومت کی دوستی کو ترجیح دی اور خطے کے اسلامی ممالک کو امریکہ و اسرائیل کے اسلام دشمنی پر مشتمل توسیع پسنددانہ عزائم سے بچا لیا۔

وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد افضل حیدری نے تحریک انقلاب اسلامی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امام خمینی ؒ کی قیادت میں آنے والا اسلامی انقلاب، اللہ تعالیٰ پر غیر متزلزل ایمان اور یقین کا نتیجہ ہے، عام طور پر سیاست دان مقدمات، نظر بندی یا احتساب کے خوف سے گھبرا کر حکومت مخالف تحریک سے پسپا ہو جاتے ہیں لیکن امام خمینی ؒ نے مضبوط ترین شاہی حکومت کو للکارا، انہیں جلا وطن کیا گیا تو تحریک انقلاب اسلامی کے دیگر راہنماﺅں و کارکنوں نے ہمت نہ ہاری اور ظالم و جابر شاہی حکومت کے عقوبت خانوں کی اذیتوں کا جواں مردی سے سامنا کیا، شاہراہوں پر حکومت مخالف مظاہرین پر سیدھی فائرنگ کی جاتی لیکن کوئی بھی پیچھے نہ ہٹتا، اس کے نتیجہ میں اللہ تعالیٰ نے کامیابی عطا فرمائی، انقلاب کی کامیابی کے بعد اس کا تسلسل اور بقا بہت بڑا چیلنج ہوتا ہے، اس طرح کے انقلابات کچھ عرصہ بعد ختم ہو جاتے ہیں لیکن امام خمینی ؒ کا ایک اور بڑا کارنامہ اس نظام کے استحکام اور بقاء کیلئے مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کی مخالفت کے باوجود آج انقلاب اسلامی اپنی کامیابی کے 41 سال مکمل کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ درحقیقت انقلاب ایران کی کامیابی کا اصل راز وہی ہے جس کا اعتراف امریکی صدر جمی کارٹر نے تہران میں محبوس اپنے سفارت کاروں کے چھڑانے کیلئے بھیجے گئے امریکی جنگی ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہونے کے بعد کیا کہ ”خدا ایران کیساتھ ہے“ دنیا نے یہ بھی دیکھا کہ صدر ،وزیر اعظم سمیت پوری پارلیمنٹ کے بم دھماکہ میں اڑ جانے کے باوجود اس مضبوط نظام میں کوئی خلل واقع نہیں ہوا جو کہ اسلامی نظام حکومت کے ناقابل شکست ہونے کا بین ثبوت اور فتح مبین ہے۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی نظام اسلامی کا تربیت یافتہ مخلص سپاہی تھا جس کی کامیابیوں میں ایمان و اخلاص نمایاں پہلو تھے، قاسم سلیمانی کی کامیابیوں کی فہرست بہت طویل ہے، داعش کے دہشتگرد اور سرغنے قاسم سلیمانی کا نام سن کر گھبرا جاتے تھے، اس عظیم جرنیل کا آخری سفر دو اسلامی ممالک کی کشیدگی کم کرنے کیلئے ایک امن مشن تھا جو دشمن کو پسند نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے عین الاسد اڈے پر تباہ کن ایرانی حملے نے امریکہ کے رعب و ہیبت کے بت کو پاش پاش کر دیا۔
خبر کا کوڈ : 843947
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش