0
Sunday 16 Feb 2020 17:21

آزاد کشمیر اور جی بی میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو لیز پر دینے کا فیصلہ

آزاد کشمیر اور جی بی میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو لیز پر دینے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو لیز پر دینے کا فیصلہ کر لیا۔ اسلام آباد میں اے جے کے اور جی بی میں موجود پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن موٹلز کے اثاثہ جات کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس کی صدارت وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کے ایڈیشنل سیکرٹری، گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا خان، آزاد کشمیر اور جی بی کے سیکرٹریز سیاحت کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کوششوں اور سکیورٹی کی بہتر صورتحال کے باعث پاکستان خصوصاً گلگت بلتستان کا شمار دنیا کے خوب صورت ترین علاقوں میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان علاقوں میں سیاحوں کے لئے موجود سہولیات میں خاطرخواہ بہتری لائی جائے۔ اسی سلسلے میں آزاد کشمیر اور جی بی میں موجود پی ٹی ڈی سی موٹلز کو اپ گریڈ کرنے کے لئے ان کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پی ٹی ڈی سی حکام اور آزاد کشمیر حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے نمائندوں کے درمیان پی ٹی ڈی سی موٹلز اور پراپرٹیز سے متوقع آمدن کی تقسیم اور اس کے استعمال سے متعلق مختلف آپشنز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لیز پراسسنگ کمیٹی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیکرٹریز ٹورازم اور فنانس شامل ہوں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لیز کے عمل سے وصول ہونے والے فنڈز سیاحت کی ترقی کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔ اس موقع پر اے جے کے اور جی بی کے نمائندوں نے زور دیا کہ یہ فنڈز انہی علاقوں میں سیاحت کی ترقی کے لئے استعمال کئے جائیں۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ لیز کا عمل مکمل ہونے اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد فنڈز طے شدہ فارمولے اور طریقہ کار کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو منتقل کئے جائیں گے جو ان فنڈز کو سیاحت کی ترقی کے لیے استعمال کریں گے۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام تر قانونی تقاضے پورے کرنے اور متعلقہ فورمز سے منظوری کے بعد ان موٹلزکی لیز کا عمل جلد از جلد تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ سیاحت کے حوالے سے پیش آمدہ سیزن میں سیاحوں کو رہائش کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔
خبر کا کوڈ : 844809
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش