0
Monday 24 Feb 2020 18:52
مقبوضہ وادی میں انڈیا نے اربوں روپے کی کھڑی فصلیں تباہ کر دی ہیں

اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے کئے جا رہے ہیں، سردار مسعود

کشمیر کے معاملے پر ہمیں چوکنا رہنا چاہیے، بھارتی بہت شاطر ہیں
اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے کئے جا رہے ہیں، سردار مسعود
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ’’میٹ دی پریس‘‘ میں شرکت کی۔ پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری بابر ڈوگر، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، ممبر گورننگ باڈی حسنین چودھری اور طارق محمود مغل نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ صدر ارشد انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اور فوج سمیت تمام ادارے کشمیری بھائیوں کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کشمیر کی آزادی کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور پریس کلب کا بہت شکر گزار ہوں جنہوں نے بار بار کشمیر کے ایشو پر توجہ دی ہے اور پریس کلب میں جب بھی کشمیر کی آواز اٹھائی جاتی ہے وہ پورے پاکستان میں سنائی دیتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ جو محصور ہوئے ہیں، ان کے حالات بہت برے ہیں، کشمیریوں کی زمین چھین کر ہندوستان کے سرمایہ کاروں کو دی جا رہی ہے، جس طرح فلسطین کی زمین پر اسرائیل نے قبضہ کیا اسی طرح کشمیریوں کی زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ارادے بلند ہیں، حریت پسند رہنماﺅں کو گرفتار کیا ہوا ہے، بچوں کو اغوا کرکے ان پر تشدد کیا جا رہا ہے، بچوں کو اغوا کرنے کا مقصد ان کی سوچ بدلنا ہے، کشمیریوں کا کہنا ہے کہ ہم قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور ہم آزادی لیکر رہیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ انڈیا نے اربوں روپے کی کھڑی فصلیں تباہ کر دی ہیں، شدت پسند ہندوں تنظیمیں مسلمانوں کو قتل اور ہراساں کر رہی ہے اور کشمیر کی سیاسی قیادت کو پابند سلاسل کر دیا گیا ہے اور عقوبت خانے قائم کرکے ان پر شدید تشدد کیا جا رہا ہے لیکن جموں کشمیر کے مسلمانوں کا ایک ہی نعرہ ہے کہ ہم پاکستانی ہیں، کشمیریوں کا نعرہ ہم لیکر رہیں گے آزادی اب پورے ہندوستان میں پھیل چکا ہے۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان نے کشمیر کا ایشو بھرپور طریقے سے پیش کیا ہے اور تمام دنیا کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ ہو چکی ہے، عالمی میڈیا نے اور دنیا بھر کی پارلیمنٹ نے کشمیر کے معاملے پر ساتھ دیا ہے، نیویارک میں سلامتی کونسل کے کشمیر کے ایشو پر 3 اجلاس ہو چکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے حالات پاکستان میں پیدا ہو گئے ہیں جس سے کشمیر ایشو پر توجہ بٹ گئی ہے اس کیلئے میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلہ کو ایک مرتبہ پھر بھرپور طریقے سے قومی و بین الاقوامی سطح پر اُٹھائے۔ انھوں نے صدر ٹرمپ کے انڈیا کے دورے کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستان کے دورے کے موقع پر احمد آباد کی گندگی چھپانے کیلئے ملین روپے کی دیوار بنائی جا رہی ہے اور امریکہ کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے ہندوستان کے معاملے پر ثالثی کرنے کا کہا تھا لیکن اب، ثالثی کے معاملے پر امریکی صدر کا لہجہ بھی ٹھنڈا پڑ گیا اور ان کا کہنا ہے کہ جب ہندوستان مانے تب ثالثی پر بات کریں گے لیکن ہندوستان اس کیلئے تیار نہیں۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ ہندوستان اور امریکہ کے بہت گہرے مراسم رہے ہیں، کشمیر کے معاملے پر آپ پورے امریکہ کو صدر ٹرمپ نہیں کہہ سکتے، صدر ٹرمپ کو بھی پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے، ہم کشمیر کے مسئلے کو سلجھانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر ہمیں چوکنا رہنا چاہیے، ہماری ترجیح ہے کہ کشمیر کے معاملے پر سیاسی اور سفارتی ذرائع استعمال کریں کیونکہ ہندوستان پاکستان پر زبردستی جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت آنیوالے وقت میں دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں سے ہو گی، پاکستان کی معیشت کو سنبھالنے کیلئے ہم سب کو کام کرنا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر لاہور پریس کلب کی جانب سے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 846492
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش