0
Tuesday 25 Feb 2020 19:53
امریکہ بھارت کو شہ دے کر دو ایٹمی طاقتوں کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتا ہے

امریکہ نے پاکستان کیساتھ ہمیشہ دوہرا معیار رکھا ہے، زاہد حبیب قادری

پاکستان کے حکمران اور عوام کو امریکی صدر ٹرمپ کے دھوکے میں نہیں آنا چاہئے
امریکہ نے پاکستان کیساتھ ہمیشہ دوہرا معیار رکھا ہے، زاہد حبیب قادری
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت میں تقریر منافقانہ اور دوہرے معیار کی عکاسی کرتی ہے، بھارت کو اسلحہ کی فروخت خطے میں طاقت کا عدم توازن پیدا کرنا ہے، بھارت جیسے مذہبی جنونی حکمرانوں کو اسلحہ کی فروخت کا مطلب بھارت میں موجود کمزور اقلیتوں اور چھوٹے ہمسایہ ممالک کو طاقت کے بل بوتے پر دبانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کو شہ دے کر دو ایٹمی طاقتوں کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتا ہے، امریکی حکام روز اول سے پاکستان کیساتھ دوہرا معیار اختیار کئے ہوئے ہیں، افغانستان میں طالبان کیساتھ مذاکرات کیلئے امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کا کندھا استعمال کیا ہے۔ محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ کر اسی ہزار پاکستانیوں کی جان کی قربانی دے کر دنیا کو محفوظ بنایا، عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ پاک افواج و دیگر سکیورٹی فورسز اور پاکستان کے عوام کی قربانیوں کو تسلیم کرے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان نے اربوں ڈالرز اور کئی ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، دہشتگردی کو جڑ سے ختم کیا ہے، امریکی صدر ٹرمپ دہشتگردی کے خاتمہ میں اپنے کردار کو شامل کر کے جھوٹ بول رہے ہیں، بلکہ سچ تو یہ ہے کہ پاک افواج نے جن دہشتگردوں کا خاتمہ کیا ہے، وہ امریکی سرمایہ کاری سے پاکستان کیخلاف لڑ رہے تھے۔ محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ خطے میں غربت کے خاتمہ اور علاقائی کشیدگی ختم کروانے نہیں بلکہ بھارت میں اسلحہ بیچنے اور اپنی انتخابی مہم چلانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں بسنے والے کروڑوں عوام کے پاس رہنے کیلئے گھر تو کجا ان کے پاس جائے حاجت پوری کرنے کی بھی جگہ نہیں، اسی طرح پاکستان اور بھوٹان، سری لنکا سمیت دیگر چھوٹے ممالک سے غربت، جہالت بے روزگاری اور مذہبی نفرتوں کے خاتمہ کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ، چین، پاکستان، بھارت، ترکی، ایران، روس سمیت دیگر ممالک کو مل کر مذہبی انتہاء پسندی، غربت کے خاتمہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ٹرمپ کی بھارت میں متنازع شہریت بل، مذہبی آزادی کے نہ ہونے اور کشمیر میں جاری بھارتی تسلط پر خاموشی مجرمانہ لا پرواہی ہے، کشمیر میں دو سو سے زائد دن ہوئے کہ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کیا ہوا ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی کشمیر ایشو پر خاموشی منافقت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر چپ بھارتی مظالم کی کھلی حمایت کا اعلان ہے۔ محمد زاہد حبیب قادری نے کہا ہے کہ عالمی سپر پاور امریکہ بہادر تھانیدار بننے کی بجائے کشمیرکی بدتر صورت حال، افغان امن، پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کا حل نکالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے حکمران اور عوام کو امریکی صدر ٹرمپ کے دھوکے میں نہیں آنا چاہئے، امریکی سفید ہاتھی اور ہمیشہ سے مکار ہیں، سب سے پہلے پاکستان، افغانستان سے امریکہ کو باعزت فرار ہونے کیلئے پاکستان کی مدد چاہئے، امریکہ افغانستان میں اپنی شکست کا انتقام پاکستان کے عوام سے لینے کی منصوبہ بندی مت کرے۔
خبر کا کوڈ : 846724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش