0
Wednesday 4 Mar 2020 11:29

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج کیساتھ کئی طالبات امتحان کی تیاریوں میں مصروف

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف احتجاج کیساتھ کئی طالبات امتحان کی تیاریوں میں مصروف
اسلام ٹائمز۔ ممبئی ناگپاڑہ علاقے کے مورلینڈ روڈ پر ممبئی باغ میں سیاہ قوانین کے خلاف احتجاج پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ یہاں خاتون مظاہرین حکومت سے ان قوانین کو واپس لینے کا پُرزور مطالبہ کررہی ہیں۔ احتجاج میں طالبات کے کئی گروپ بھی شامل ہیں جو احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے علاوہ ممبئی باغ میں ہی پڑھائی کرکے اسکول امتحان میں شریک ہورہی ہیں۔ ناگپاڑہ کی 2 بہنیں اور ان کا ایک چھوٹا بھائی پہلے دن سے متواتر ممبئی باغ آرہے ہیں جبکہ ان کی ماں سیفی اسپتال میں زیر علاج ہیں اور دادی بستر علالت پر ہیں۔ ان کی بڑی بہن کا امتحان جاری ہے اور وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ گھریلو ذمہ داری ادا کرتے ہوئے روزانہ کالج سے چھوٹنے کے بعد سیدھا ممبئی باغ احتجاج میں پہنچ جاتی ہے۔ ناگپاڑہ پر رہنے والی طالبہ نے بتایا کہ میں سی ایس ایم ٹی میں فوڈ اینڈ نیوٹریشین کے ایک ڈگری کالج کے پہلے سال میں زیر تعلیم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی چھوٹی بہن اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ جب سے ممبئی باغ میں احتجاج شروع ہوا ہے، اس وقت سے پابندی سے آرہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری والدہ بھی متواتر یہاں آرہی تھیں لیکن اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی ہے اور وہ سیفی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ میری دادی بستر علالت پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے میں گھریلو ذمہ داریاں بھی مجھ پر آگئی ہیں ساتھ ہی پڑھائی بھی کرنی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اس طالبہ نے بتایا کہ ہم بھائی بہنوں کو والدین نے ہدایت دی ہے کہ ممبئی باغ میں ہونے والا احتجاج ہم سب کے لئے انتہائی اہم ہے، اس میں شرکت کرنا ضروری ہے۔ اس لئے بہر صورت ہم اس میں شامل ہوتے ہیں۔ اس نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ملک کے آئین کے ساتھ چھیڑچھاڑ کی جارہی ہے، ہماری شہریت کو چیلنج کیا جارہا ہے۔ مسلمانوں اور پسماندہ طبقے کے افراد کو منظم سازش کے تحت نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی حال میں سی اے اے، این آرسی اوراین پی آر نافذ نہیں ہونے دیں گے، اسی مقصد کے تحت ہم یہاں جمع ہوئے ہیں۔ اس دوران منتظمین میں شامل ایک خاتون نے بتایا کہ ممبئی باغ کے ایک گوشے میں کچھ لڑکیاں بیٹھ کر پڑھ رہی تھیں۔ ان سے جب میں نے پوچھا کہ کیا پڑھ رہی ہو تو انہوں نے بتایا کہ منگل سے ہمارا ایس ایس سی کا امتحان ہے اس کی تیاری کررہے ہیں جس پر میں نے ان لڑکیوں سے کہا کہ توجہ سے پڑھو اور اگر کسی چیز مثلاً چائے پانی کی ضرورت ہو تو ہمیں بتاؤ لیکن پڑھائی میں کسی طرح کی کوتاہی نہ کرنا کیونکہ آج یہاں بیٹھ کر پڑھائی کرنا کل ہماری پوری قوم کے کام آئے گا۔
خبر کا کوڈ : 848314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش