0
Thursday 12 Mar 2020 21:37

امریکہ شام کے تمام کنووں پر مسلط اور شامی تیل کی چوری میں مصروف ہے، ریاض حداد

امریکہ شام کے تمام کنووں پر مسلط اور شامی تیل کی چوری میں مصروف ہے، ریاض حداد
اسلام ٹائمز۔ روس میں شام کے سفیر ریاض حداد نے شام میں امریکی فوجیوں کی سرگرمیوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ شامی تیل کی چوری میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ شام اپنے شمالی علاقوں کو جلد ہی بین الاقوامی دہشتگردوں اور امریکہ کے قبضے سے آزاد کروا لے گا اور پھر اپنے ملکی تیل کی بدولت شام کی اقتصادی حالت بہتر ہو جائے گی۔ ریاض حداد نے روسی ٹیلیویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ شام کے شمالی علاقوں میں موجود تیل کے تمام کنووں پر مسلط ہے اور غیر قانونی طریقے سے شامی تیل کو بین الاقوامی منڈیوں میں بیچ رہا ہے۔

روسی خبررساں ایجنسی اسپتنک کے مطابق روس میں شام کے سفیر ریاض حداد نے کہا ہے کہ شام کی سرزمین پر امریکی قبضے کا مقصد شامی تیل کی تنصیبات کو اپنے تسلط میں لینا ہے۔ روسی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے سب سے زیادہ فوجی طاقت شامی صوبے دیرالزور کی "العمر" اور تیل سے مالامال صوبے حسکہ میں واقع "القصرک" آئل ریفائنریز میں تعینات کی گئی ہے جبکہ امریکہ ان علاقوں میں واقع اپنے 2 فوجی اڈوں کو مسلسل پھیلاتا جاتا رہا ہے۔

واضح رہے کہ قبل ازیں شامی و روسی اعلی قیادت کی طرف سے امریکہ پر شامی تیل چوری کرنے کے الزامات بارہا عائد کئے جا چکے ہیں جبکہ روسی وزارت خارجہ اس حوالے سے متعدد دفعہ اسٹیلائٹ تصاویر بھی منتشر کر چکی ہے جن میں امریکی فوج کے زیرنگرانی شامی تیل سے بھرے ٹینکرز کو ترکی کی طرف جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ 3 ہفتے قبل ہی ترک صدر رجب طیب اردوغان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ وہ گفتگو بھی منظر عام پر آ گئی تھی جس میں ڈونلڈ ٹرمپ رجب طیب اردوغان سے شامی علاقے "قامشلی" میں تیل کی موجودگی کے بارے میں تفصیل سے پوچھ گچھ کر رہے تھے جبکہ ترک صدر انہیں دیرالزور میں تیل کے وسیع ذخائر کے بارے میں قائل کرنے کی کوشش میں تھے۔
خبر کا کوڈ : 849972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش