0
Saturday 14 Mar 2020 22:06

گلگت بلتستان میں شادی بیاہ، اجتماعات پر تین ہفتوں تک کیلئے پابندی، بھرتیاں، ٹیسٹ انٹرویوز منسوخ

گلگت بلتستان میں شادی بیاہ، اجتماعات پر تین ہفتوں تک کیلئے پابندی، بھرتیاں، ٹیسٹ انٹرویوز منسوخ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان میں شادی بیاہ، اجتماعات، فیسٹولز پر تین ہفتوں تک کیلئے پابندی عائد کر دی گئی جبکہ تمام سرکاری و تعلیمی ادارے، مدارس، ٹیوشن سنٹرز کو بھی بند کر دیا گیا۔ تمام امتحانات، بھرتیاں، ٹیسٹ انٹرویوز بھی ملتوی کر دیئے گئے۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے اور آئسولیشن بارکس قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ خوراک اور انجمن کے ساتھ رابطہ کر کے تمام علاقوں میں خوراک اور ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائے اور محکمہ صحت عوام کو ممکنہ تمام سہولیات فراہم کرے۔ پاک چین سرحد غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔ دوسری جانب امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن سے جاری بیان کے مطابق قائد ملت جعفریہ آغا سید راحت حسین الحسینی نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر تمام چھوٹے بڑے اجتماعات اور شادی بیاہ کی تقریبات کو موخر کیا جائے۔ امامیہ جامع مسجد گلگت میں پہلے سے طے شدہ امامیہ آرگنائزیشن پاکستان گلگت ریجن کا اجلاس عاملہ سمیت تمام پروگرامات موِخر کئے گئے ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایک دوسروں سے ہاتھ ملانے سے احتیاط کریں، بیمار افراد باالخصوص نزلہ، زکام اور سانس کے مریض نماز گھروں میں پڑھیں۔ انتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی ہدایات پر عمل کریں۔ نماز باجماعت اور جمعہ کے اجتماعات کے حوالے سے حتمی فیصلہ 15 مارچ کو کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 850362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش