0
Wednesday 18 Mar 2020 03:52

عدنان الزرفی عراق کے نئے وزیراعظم چن لئے گئے

عدنان الزرفی عراق کے نئے وزیراعظم چن لئے گئے
اسلام ٹائمز۔ عراقی صدر برہم صالح نے سیاسی پارٹی حرکۃ الوفاء العراقیہ کے سربراہ اور صوبہ نجف کے سابق گورنر عدنان الزرفی کو عراقی وزارت عظمی کے لئے منتخب کر کے انہیں کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔ عراقی سرکاری خبررساں ایجنسی "واع" کے مطابق عراقی صدر کی طرف سے عدنان الزرفی کو سابق وزیراعظم کی حکومتی میعاد کو پورا کرنے کے لئے عبوری طور پر وزارت عظمی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

عراقی صدر برہم صالح نے عدنان الزرفی کو وزارت عظمی کی ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا ہے کہ عراقی قوم جس نے اپنی اور آئندہ نسلوں کی آزاد زندگی اور روشن و پرامید مستقبل کے حصول کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں، بہترین انتخاب کی اہل ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں عراق کے نومنتخب وزیراعظم کو قبل از وقت اور شفاف انتخابات منعقد کروانے، احتجاجی مظاہرین کے جائز مطالبات پورے کرنے اور عراقی خودمختاری و حق حاکمیت کی حفاظت کی تلقین بھی کی۔

واضح رہے کہ عراقی صدر برہم صالح نے، عراقی آئین کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے آخری دن تک بڑی سیاسی جماعتوں کی 7 رکنی کمیٹی کی طرف سے وزارت عظمی کے لئے متفقہ امیدوار کا نام صدر کو بھیجے جانے میں ناکامی کے بعد اپنا صوابدیدی حق استعمال کرتے ہوئے عدنان الزرفی کو وزارت عظمی کے لئے انتخاب کرنے کے بعد کابینہ کی تشکیل کی ذمہ داری سونپی ہے۔

یاد رہے کہ عراقی سیاسی فضا جو اکتوبر 2019ء سے عوامی احتجاجات کے باعث تناؤ کا شکار تھی، اگلے ہی ماہ دسمبر میں اس وقت کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے استعفی کے قبول کر لئے جانے سے ایک سیاسی بحران کی شکل اختیار کر گئی تھی۔ بعدازاں صدر ابراہیم صالح نے یکم فروری 2020ء کے روز محمد توفیق علاوی کو عراق کا نیا وزیراعظم منتخب کیا تھا لیکن وہ بھی بالآخر یکم مارچ 2020ء کے روز پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام رہنے کے بعد وزارت عظمی سے علیحدگی اختیار کر گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 851014
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش