0
Friday 27 Mar 2020 15:37

ایران سے آنیوالے زائرین میں فرق نہیں کیا، جام کمال خان

ایران سے آنیوالے زائرین میں فرق نہیں کیا، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے تفتان میں پانچ ہزار زائرین کے لئے انتظامات کرنا بہت مشکل تھا۔ انتظامات کیسے کئے گئے، یہ ہم ہی جانتے ہیں۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ایران میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد وہاں کی حکومت ہمارے زائرین کو اپنے پاس نہیں رکھ سکی، لیکن ہم نے ایران سے آنے والے زائرین میں کوئی فرق نہیں کیا کہ ان کا تعلق کہاں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے سرحد پر آنے کے باعث ہمیں زائرین کو لینا پڑا۔ تفتان میں پانچ ہزار زائرین کو رکھنے کے لئے انتظامات کیسے کئے، وہ ہم ہی جانتے ہیں، وہاں موجود انتظامیہ اور ڈاکٹروں نے 100 گنا زیادہ کام کیا ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے کہا کہ تفتان کے حوالے سے بہت سی باتیں کی گئیں، مجھے اس حوالے سے سیاست دانوں، اینکر پرسنز اور تجزیہ کاروں پر افسوس ہے۔ ان لوگوں نے وہاں کے عوام، ڈاکٹروں اور انتظامیہ کا مذاق بنایا کہ لوگ 500 مہمان سنبھال نہیں سکتے، یہ تو وقت بتائے گا کہ کس نے کتنا کام کیا۔ جام کمال کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگوں نے ہمارا حوصلہ بڑھایا اور ہماری رہنمائی کی، گزارش ہے کہ قوم کی حوصلہ شکنی کی بجائے ان کی حوصلہ افزائی کریں، بہت سارے لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں اور یہی قوم کے اصل ہیروز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وائرس بہت ساری تبدیلیاں لا چکا ہے، ہمیں اپنے کردار اور اپنی سوچ میں بھی بہت ساری تبدیلیاں لانا ہوں گی۔
خبر کا کوڈ : 852965
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش