3
Sunday 5 Apr 2020 02:48
مزاحمتی فورسز کیطرف سے "عدنان الزرفی" کی نامزدگی مسترد

امریکہ کو اپنی سرزمین پر مزید قبضہ برقرار رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، حشد الشعبی

امریکی فوجی مزاحمتی محاذ کیساتھ الجھنے کی طاقت نہیں رکھتے
امریکہ کو اپنی سرزمین پر مزید قبضہ برقرار رکھنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، حشد الشعبی
اسلام ٹائمز۔ عراقی سرکاری افواج میں شامل عوامی مزاحمتی فورس حشد الشعبی نے جاری ملکی حالات پر غور و خوض کے بعد اپنے تمام ذیلی بریگیڈز اور عراقی مزاحمتی فورسز کے ہمراہ ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں عراقی صدر کی طرف سے وزارت عظمی کے لئے تازہ چنے گئے امیدوار "عدنان الزرفی" کی نامزدگی کو مسترد کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ عراق کے اندر موجود غیرملکی قابض فورسز عراقی سرزمین سے فی الفور نکل جائیں۔ عراقی نیوز چینل السومریہ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں امریکی فورسز کے انخلاء پر مبنی قرارداد کے منظور ہو جانے کے بعد عراقی عوام نے اس قرارداد کی حمایت میں متعدد ملین مارچ منعقد کر کے اس پر مہر رضایت ثبت کر دی تھی۔

عراقی مزاحمتی فورس حشد الشعبی کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق سے امریکی فورسز کے فوری انخلاء کے عوامی فیصلے بعد امریکی فورسز کو عراق سے نکل جانے کے لئے دی گئی مہلت کے دوران امریکی سرکشی میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ اس مدت کے دوران امریکی جارحیت نے عراقی سکیورٹی فورسز اور پولیس سے بڑھ کر عراقی عوام کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ حشد الشعبی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان امریکی جارحانہ اقدامات کے بعد عراقی مزاحمتی فورسز کا ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس میں تمام عراقی مزاحمتی فورسز نے مشترکہ طور پر حسب ذیل تاریخ ساز پیغام دیا ہے:

۱۔ عراقی قوم، حکومت اور پارلیمنٹ کے فیصلے سے امریکی روگردانی اور امریکیوں کی طرف سے عراقی حق حاکمیت کی مسلسل خلاف ورزی نے ثابت کر دیا ہے کہ امریکی فورسز عراق پر قابض ہیں اور طاقت کے علاوہ کوئی اور زبان نہیں سمجھتیں۔ حشد الشعبی کے بیان میں قابض امریکی فورسز کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ آج کے بعد تمہارے ساتھ تمہارے مزاج کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکیو جان لو کہ آج تک تمہارے خلاف انجام پانے والے تمام اقدامات تمہاری جارحیت کا ایک چھوٹا سا جواب تھا کیونکہ تب تمہارے خلاف آپریشن کا فیصلہ نہیں کیا گیا تھا جبکہ تم ان سادہ سے اقدامات کا "جواب" اپنے فوجی اڈوں کو خالی کر کے ایک جگہ جمع ہونے کے علاوہ کچھ نہیں دے پائے۔ حشد الشعبی نے اپنے پہلے پیغام میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عراقی مزاحمتی فورسز پر حملوں کی امریکی دھمکیوں کو امریکی فورسز کی طرف سے اپنی شکست پر پردہ ڈالنے کا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی عراقی مزاحمتی محاذ کے ساتھ الجھنے کی طاقت نہیں رکھتے۔

۲۔ حشد الشعبی نے اپنے مشترکہ بیان میں دوسرا پیغام عراقی سیاسی پارٹیوں کے نام دیتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ امریکی جاسوس تنظیموں کے ساتھ منسلک عراقی وزارت عظمی کے امیدوار "عدنان الزرفی" کے خلاف اپنے اصولی اور ٹھوس موقف کا اعلان کرتے ہوئے صدر (برہم صالح) کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ اس امیدوار (عدنان الزرفی) کو وزارت عظمی کے لئے نامزد کرنے کے اقدام کے ذریعے متعدد ملین مارچ منعقد کرنے والی عراقی عوام اور اعلی دینی مرجعیت کی خواہشات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ حشد الشعبی نے عدنان الزرفی کو کرپشن کا ملزم اور متنازع امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراقی صدر نے عدنان الزرفی کو وزارت عظمی کے لئے نامزد کر کے عمدی طور پر عراق کے اندرونی امن و امان کو داؤ پر لگا دیا ہے جبکہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور ملک کے اندر استحکام اور امن و امان کی بحالی کی خاطر اپنی تمام کوششوں کو بروئے کار لائیں گے۔

۳۔ عراقی مزاحمتی فورس حشد الشعبی نے اپنے تمام بریگیڈز کے ہمراہ دیئے گئے مشترکہ بیان کے آخری پیغام میں عراقی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ آپ کے دفاع میں ہمیشہ وفادار سپاہی باقی رہیں گے۔ حشد الشعبی نے کہا کہ ہم امریکہ کو اپنی پاکیزہ خاک پر مزید قبضہ برقرار رکھنے، ملکی دولت کو لوٹنے اور غاصب صیہونی رژیم (اسرائیل) کی خاطر ہمارے ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ اس بیان میں عراقی قوم کو مخاطب کر کے کہا گیا ہے کہ آپ ہمیں جہاد کے ہر میدان میں حاضر پائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 854728
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش