0
Sunday 12 Apr 2020 11:54

کے پی کے، کورونا سے جاں بحق صحافیوں کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان

کے پی کے، کورونا سے جاں بحق صحافیوں کے اہلخانہ کو 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس سے جاں بحق صحافیوں کے اہلخانہ کیلئے 10 لاکھ، جبکہ وائرس کا شکار ہونے والوں کا سرکاری خرچ پر مکمل علاج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے ہفتہ کو پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں کورونا وائرس کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اسوقت تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 656 ہے، صوبے میں اسوقت تک 131 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں، جبکہ 3ہزار 767 مشتبہ افراد کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں 39 نئے مریض سامنے آئے ہیں اور تین نئے مریض فوت ہوچکے ہیں جس سے صوبے میں مرنے والوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے، جبکہ متاثرہ افراد میں سے 20 کی حالت تشویشناک ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ صوبے میں مجموعی طور پر 275 قرنطینہ سینٹرز ہیں جس میں 18 ہزار افراد کی گنجائش ہے، جبکہ مختلف ہسپتالوں میں ایچ ڈی یوز بنائے گئے ہیں جن میں 480 افراد کی گنجائش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 110 آئیسولیشن سینٹرز میں 3 ہزار افراد کی گنجائش ہے، جبکہ 583 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے عملے کے بیک اپ کے طور پر لوکم اسکیم متعارف کرائی گئی ہے جس میں اب تک 9 ہزار 500 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے جن میں اسپشلسٹ، ڈاکٹرز، پیرا میڈکس اور نرسیں بھی شامل ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں روزانہ 450 سے زائد ٹیسٹ ہو رہے ہیں اور اس ماہ کے اختتام تک ہم اسے ایک ہزار اور نجی ہسپتالوں کی مدد سے اس تعداد کی یومیہ 5 ہزار تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی محمود خان نے 32 ارب روپے کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں 8 ارب محکمہ صحت، 6 ارب ریلیف ڈپارٹمنٹ اور 5 ارب صوبے میں ٹیکسز اس کی مدد میں ریلیف دیا ہے، جبکہ وفاق کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکج کیلئے 3600 پوائنٹس رکھے ہیں جہاں اس پروگرام کے تحت یکمشت 12 ہزار روپے مل رہے ہیں۔

انہوں نے وفاق کی جانب سے اعلان کردہ امداد کے علاوہ تین ماہ کیلئے 6 ہزار روپے یکمشت بھی صوبے کے مستحق عوام کو دیے جائیں گے، جبکہ اس کے علاوہ ایک لاکھ مستحق خاندانوں کو ذکوٰۃ کی مد میں 12 ہزار روپے الگ سے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی محمود خان کی قیادت میں ہمارے دو اہداف ہیں، پہلا یہ کہ ہم نے عوام کو کس طرح تحفظ دینا ہے اور دوسرا ہدف غریب مسکین، دھاڑی دار، مزدور کے مسائل کو حل کرنا ہے جس کیلئے مختلف پیکیجز زیر غور ہیں۔ اجمل وزیر نے کہا کہ عوام صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام سے بہت اچھے طریقے سے تعاون کر رہے ہیں اور ہمارے اس محاذ کے اصل ہیروز ڈاکٹرز بہترین انداز میں فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ ہمارے ریلیف ڈپارٹمنٹ اور پولیس بھی بہت محنت کر رہی ہے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلٰی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کوئی صحافی خدانخواستہ کورونا وائرس سے جاں بحق ہوتا ہے تو اسے 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے اور اگر کوئی بیمار ہوا تو اس کے اخراجات بھی حکومت ہی برداشت کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے صوبے کے صحافیوں میں ساڑے 700 ماسک، ایک ہزار سینی ٹائزر اور 100 حفاظتہی آلات بھی فراہم کئے جائیں گے، جبکہ متعلقہ حکام کو میڈیا ہاؤسز کے دفاتر میں جا کر اسپرے کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی کی صورتحال ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ خدارا اپنی سایست اور سیاسی ایجنڈے کو کچھ عرصے کیلئے قرنطینہ کر لیں، تاہم اس کورونا وائرس کی وبا سے نمٹ لیں اور اس کے بعد سیاسی ہوتی رہے گی،ٓ لیکن اس وقت بطور قوم ہمارا فرض بنتا ہے کہ کورونا کو شکست دیں۔
خبر کا کوڈ : 856193
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش