0
Monday 13 Apr 2020 01:52

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی باجوڑ، مہمند اضلاع کی حد بندی تنازعہ پر تشویش

جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی باجوڑ، مہمند اضلاع کی حد بندی تنازعہ پر تشویش
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے باجوڑ اور مہمند اضلاع کی حد بندی تنازعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ باجوڑ اور مہمند کے عوام آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ حد بندی تنازعہ کا حل جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔ لڑنے اور جنگ کرنے سے مسئلہ مزید گھمبیر ہو جائے گا۔ حکومت اس مسئلہ کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مہمند اور باجوڑ ایک قوم ہیں، ایک دوسرے کے ساتھ ان کی ہمدردیاں ہیں، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں، نفرتیں پھیلانے کے بجائے امن کے سفیر بنیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حد بندی تنازعہ حکومت کی سستی، نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ حد بندی کا مسئلہ کافی عرصہ سے لٹکا چلا آرہا ہے، حکومت نے اس مسئلے کے حل میں تساہل سے کام لیا ہے۔ حکومت جنگ اور طاقت کے استعمال کی بجائے دونوں اضلاع کے مشران کو آپس میں بٹھا کر مسئلہ کا باہمی افہام و تفہیم سے حل نکالے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے اور دونوں اضلاع کے عوام میں نفرتیں بڑھنے کا باعث ہے۔ دونوں اضلاع کے عوام کی روایات مشترک ہیں، دونوں اضلاع کے لوگ اپنی روایات کے مطابق مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔ حکومت اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر اس مسئلہ کو حل کرے۔
خبر کا کوڈ : 856259
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش