0
Tuesday 14 Apr 2020 01:22

کورونا کیخلاف سندھ حکومت کی جامع اور مربوط پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، ناصر حسین شاہ

کورونا کیخلاف سندھ حکومت کی جامع اور مربوط پالیسی کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے صوبے میں جاری اسپرے مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا کی وباء سے بچاؤ کے لئے کی جانے والی جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری بلدیات نے وزیر بلدیات سندھ کو بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر صوبے کے تمام اضلاع کی تمام یونین کونسلوں میں جراثیم کش ادویات کا باقاعدگی کے ساتھ اسپرے کیا جارہا ہے، جس سے مہلک وباء کے خاتمے اور پھیلاؤ کو روکنے میں خاطر خواہ مدد مل رہی ہے۔ اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ اپنے لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے حوالے سے نہایت ہی سنجیدہ اقدامات کے انعقاد اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دے رہی ہے، مگر عوام کو بھی اس معاملے کی سنجیدگی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر پر صدق دل سے عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صوبہ سندھ کو صحت مندانہ ماحول فراہم کیا جاسکے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے وفاقی سطح سے کئے جانے والے اقدامات پر کئی سوالات اٹھ رہے ہیں، مگر اس کے باوجود حکومت سندھ کسی بھی تنازع کا شکار ہوئے بغیر انسانی جانوں کو بچانے کے لئے وفاقی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کررہی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا کے خلاف جس سرعت اور عمدگی سے جامع اور مربوط پالیسی مرتب کی، اس نے سندھ کی عوام کو بڑے نقصان سے بچالیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ عالمی اداروں اور بیرونی دنیا میں میں حکومت سندھ کی جانب سے کورونا کے خلاف کی جانے والے اقدامات کی ستائش ہورہی ہے اور عوام کے تعاون کی بدولت جلد ہی کورونا کی وباء سے چھٹکارا ممکن ہوجائے گا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کا علاج حکومتیں نہیں کرسکتیں، اس وائرس کا علاج صرف ایک ہے کہ پورا ملک ایک ہو، ہم تنہا فیصلے نہیں کر سکتے، میں علماء کرام کا بےحد شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے نے ناقابل یقین حد تک ہمارا ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو کل ہم پر تنقید کے لئے نمودار ہوئے وہ تین تیرہ میں بھی نہیں، ان سب کو میں اچھی طرح جانتا ہوں یہ سب وزیراعظم کے ایک اجلاس میں بھی نہیں آئے ہیں۔ لاک ڈاؤن کی طوالت اور سختی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سماجی فاصلوں اور رابطوں میں احتیاط ہی کورونا کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے، مگر بعض لوگ حکومتی احکامات کے برعکس معمول کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں جو کہ خطرے سے خالی نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام علماء کرام، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، سیکورٹی ادارے اور سماجی تنظیمیں اپنے اپنے دائرہ کار میں بہترین انداز سے قومی فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، حکومت سندھ اس تعاون پر ان سب کی شکر گزار اور ممنون ہے۔
خبر کا کوڈ : 856520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش