0
Friday 17 Apr 2020 02:02

سندھ حکومت نے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی حد پار کردی ہے، خرم شیر زمان

سندھ حکومت نے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی حد پار کردی ہے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی حد پار کردی ہے، وزیراعلیٰ نے اپنی ڈیڑھ گھنٹے کی پریس کانفرنس میں کہا کہ شہر کی صورتحال بہت ابتر ہے، اسپتالوں میں روزانہ سینکڑوں لاشیں لائی جارہی ہے، جناح ہسپتال شہر کا سب سے بڑا سرکاری ہسپتال ہے، ہم یہاں صورتحال دیکھنے آئے تو معلوم ہوا کہ یہاں لائی جانے والی لاشوں میں سے کوئی ایک بھی کورونا وائرس کا مریض نہیں تھا۔ یہ باتیں انہوں نے جناح ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر، پی ٹی آئی رہنما عمران صدیقی، توقیر احمد اور دیگر موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے رہنماؤں کے ہمراہ جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہمیں حیرت اس بات کی ہے کہ اس صوبے کا وزیراعلیٰ عوام کو اعتماد میں لینے کے بجائے عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے، سندھ کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ نہیں ہو رہے، جب تک ٹیسٹ نہیں ہونگے تب تک ہمیں معلوم نہیں ہوگا کہ کیا صورتحال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں روزانہ کی بنیاد پر جتنے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ان کی تعداد بہت کم ہے، سندھ کے ہسپتالوں کے حالات بہت خراب ہیں، موجودہ صورتحال میں ہیلتھ ایمرجنسی ہونی چاہیئے لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عملی اقدامات کے بجائے سیاست کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شہر کی بڑی آبادی غریب طبقے سے تعلق رکھتی ہے، وزیراعلیٰ نے 20 لاکھ راشن تقسیم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے ڈھائی لاکھ لوگوں میں راشن تقسیم کردیا، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ وہ پیسہ کہاں گیا جس سے عوام میں راشن تقسیم ہونا تھا، نیب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس معاملے پر انکوائری کا آغاز کرے، وزیراعلیٰ ہاتھ جوڑ کر کھتے ہیں کہ لوگ گھروں میں رہیں، ہم بھی ہاتھ جوڑ کر وزیراعلیٰ سے کہتے ہیں کہ عوام کو ان کا راشن پہنچائیں، سننے میں آرہا ہے کہ حکومت سندھ صرف اپنے جیالوں کو راشن تقسیم کررہے ہیں۔

خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ اس وقت صوبے میں صرف کورونا وائرس کی بات ہورہی ہے، حکومت سندھ بتائے کہ کیا دیگر بیماریاں ختم ہوچکی ہیں؟ جو دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض ہسپتال آرہے ہیں ان کا علاج نہیں کیا جارہا، سندھ حکومت لاک ڈاؤن کرنا چاہتی ہے تو کرے لیکن عوام کے لئے مشکلات میں اضافہ نہ کرے، شہر میں راشن کے حصول کے لئے جھگڑے اور فسادات شروع ہوگئے ہیں، سندھ حکومت سے گزارش ہے کہ سندھ میں ہسپتالوں کے نظام کو درست کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر صحت کہیں نظر نہیں آرہے، اگر پیپلز پارٹی سمجھتی ہے کہ پی ٹی آئی خاموش ہوجائے گی تو ایسا نہیں ہے، ہم ان کی ہر نالائقی کو عوام کے سامنے لائیں گے، حکومت سندھ کے وزراء صرف میڈیا پر بیان بازیاں کررہے ہیں، سندھ حکومت اپنا قبلہ درست کرے اور موجودہ حالات میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 857176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش