0
Sunday 19 Apr 2020 20:00

مشکل وقت میں بھی محاذ آرائی کی سیاست کی جا رہی ہے، سراج الحق

مشکل وقت میں بھی محاذ آرائی کی سیاست کی جا رہی ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کی ذیلی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کورونا وائرس سے بچاو کیلئے سپرے کرنے کی مشینیں تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے رضاکاروں میں سپرے کٹس تقسیم کیں۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں سیاسی قیادت کو ایک پیج پر ہونا چاہیے لیکن بدقسمتی سے آج بھی محاذ آرائی کی سیاست کی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق منصورہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جماعت اسلامی کے رضاکاروں میں سپرے مشینیں تقسیم کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بدقسمتی ہے جب سیاسی قیادت کو ایک پیج پر ہونا چاہیے تھا ایسے میں وفاقی اور سندھ حکومت کے مابین محاذ آرائی دیکھی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ دن جلد آئے گا جب کرپشن، غربت، نفرت اور بیماریوں سے پاک پاکستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ رضا کار پہلے غریب آبادیوں اور جھونپڑیوں میں سپرے کا عمل مکمل کریں، غریبوں کا خیال رکھنا مذہبی فریضہ ہے، جو یہ کام کرے گا اس کی آخرت بہتر ہوگی۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت بارہ ہزار ان کو ہی دے رہی جن کا نام بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہے جبکہ انتہائی غریبوں کو یہ پیکج نہیں مل رہا، غریب افراد کیلئے سرکار کے دروازے بند ہیں، حکومت صرف ایک ہی کام کر رہی ہے، وہ میڈیا پر پروپیگنڈا ہے، حکومتی پروپیگنڈا سے غریب کو کچھ نہیں ملے گا، سرکار کو غریبوں کا سوچنا چاہیے، سرکار فیصلہ کرنے سے قاصر ہے وفاقی و سندھ حکومت ایک پیج پر نہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آرمی نے کرونا وائرس کو بھی مسلمانوں کیخلاف استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، کشمیر میں لاک ڈاؤن کو آٹھ ماہ ہوگئے، انٹر نیٹ سروس بند، معیشت تباہ ہے، صحت کی سہولیات نہیں ہیں، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے اپیل کرتا ہوں کہ اسپیشل وفد کو کشمیر میں بھیجے جو حقائق سے پردہ اٹھائے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ او آئی سی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ کشمیر کی صورتحال کا بغور جائزہ لے۔ سراج الحق نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف ہمارے ہیروز ہیں لیکن حکومت نے ان کا مسئلہ حل کرنے کے بجائے ان پر لاٹھی چارج کیا گیا جس سے حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ بیرون ممالک سے آنیوالے پاکستانیوں کو رسوا کیا جا رہا ہے، جو قابل مذمت ہے تاہم ملک سے سود کےخاتمہ مطالبہ کرکے اللہ کی خوشنودی حاصل کی جا سکتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 857640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش