0
Monday 20 Apr 2020 22:56

لاک ڈاؤن میں بھی اسٹریٹ کرائم سیکیورٹی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محمد حسین محنتی

لاک ڈاؤن میں بھی اسٹریٹ کرائم سیکیورٹی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، محمد حسین محنتی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ لاک ڈاﺅن اور کرفیو کے باوجود ڈکیتی، گن پوائنٹ پر لوٹ مار اور قتل کی وارداتیں سندھ حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں، شہر کراچی کو لاوارث اور عوام کو ڈاکوؤں و رہزنوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، حکومت قیام امن اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات کرکے اپنی ذمہ داری پوری کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ دنوں کراچی میں نارتھ ناظم آباد تھانے کی حدود اصغر شاہ اسٹیڈیم کے قریب گھر کے باہر اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں قتل ہونے والے 26 سالہ نوجوان حسین الزمان کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے نائب امیر قیصر جمیل ایڈوکیٹ، پیما سندھ کے رہنماء ڈاکٹر اورنگزیب اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ایک طرف لاک ڈاﺅن اور بے روزگاری کی وجہ سے عوام سخت پریشان ہیں، تو دوسری طرف کرفیو اور جگہ جگہ پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ناکوں کے باوجود شہری ڈاکوؤں اور رہزنوں کے ہاتھوں اپنے قیمتی موبائل سمیت املاک و جانوں سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ عوام دہرے عذاب میں مبتلا ہیں، مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی امیر نے کہا کہ قاتل اللہ تعالیٰ کی عدالت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 857884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش