0
Tuesday 21 Apr 2020 23:00

پنجاب میں 19مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 7وینٹی لیٹر پر ہیں، یاسمین راشد

پنجاب میں 19مریضوں کی حالت تشویشناک جبکہ 7وینٹی لیٹر پر ہیں، یاسمین راشد
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تبلیغی جماعت اور زائرین کے کنفرم کیسز 1859 ہیں، اس وقت پنجاب میں کرونا کے 19 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ پنجاب میں 140 ایسے علاقے ہیں جن کو مکمل لاک ڈاون کردیا گیا ہے تاکہ لوکل ٹرانسمیشن کو روکا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان میں مریضوں اور ڈاکٹروں کو مکمل سہولیات حاصل ہیں، نشتر ہسپتال کے 27 ڈاکٹرز، تین نرسز اور چار پیرامیڈیکل سٹاف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا تھا جن میں سے 26 ڈاکٹرز آج ڈبل نیگٹو آگئے ہیں جبکہ ایک نشتر میں زیرعلاج ہے تاہم وہ بھی صحت یاب ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان کے دورے پر نشتر ہسپتال میں اکیڈمک کونسل سے خطاب اور سرکٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا، پرنسپل نشتر ہسپتال ڈاکٹر افتخار اور ایم ایس نشتر ڈاکٹر شاھد بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال میں 3 ہزار 608 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان میں لیول تھری کی لیب بھی آج فعال ہوچکی ہے جس سے ٹیسٹنگ کپیسٹی میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں پاکستان میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں یہ تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرونا کے کنفرم کیسز 4 ہزار 227 ہیں۔ زیادہ تر کیسز کی ٹریول ہسٹری ہے جبکہ دیگر زائرین اور تبلیغی اجتماع کے لوگ ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ نشتر اسپتال میں کرونا کے 30 پازیٹو کیس ہیں، نشتر سپتال کے 27 ڈاکٹروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جن میں سے 26 کے ٹیسٹ ڈبل نیگٹو آگئے ہیں۔ نشتر اسپتال میں ضروری مکمل حفاظتی سامان موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردگان ہسپتال میں 35 ونٹیلیٹرز ہیں اور نشتر سے کوئی ونٹی لیٹر منتقل نہیں کیا گیا۔ طیب اردگان ہسپتال میں 35 وینٹیلیٹر ان کے اپنے ہیں جن کو نشتر کے ڈاکٹرز چلا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نشتر اسپتال کے تمام ڈاکٹروں کو این 95 ماسک دے دیئے ہیں، جن علاقوں میں کرونا کے مریض ہیں اس علاقے کے لوگوں کے ٹیسٹ کریں گے، موجودہ صورتحال کے باعث بزرگ افراد کسی صورت سے گھر سے نہ نکلیں اور ماسک استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی ایز شروع میں طیب رجب ہسپتال کو دیئے گئے تھے لیکن اب نشتر ہسپتال ملتان میں بھی فراہم کردئیے گئے ہیں۔ نشتر ہسپتال میں اس وقت آئندہ 2 ہفتوں کیلے تمام حفاظتی سامان موجود ہے جبکہ نشتر ہسپتال ملتان میں ابھی بھی 2082 کورونا ٹیسٹ کٹس موجود ہیں۔ 

وزیر صحت نے بتایا کہ ہم انڈیا سے بھی زیادہ ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کر رہے ہیں۔ پنجاب میں 4 ہزار سے زائد مریضوں کیلئے جگہ بنالی گئی ہے، ہم ٹیسٹ ان لوگوں کے کررہے ہیں جن میں علامات یا ان کی ٹریول ہسٹری ہو۔ یاسمین راشد نے کہا کہ پی ایم اے اور ینگ ڈاکٹرز ہسپتالوں کے ملازمین ہیں جن کے معاملات وائس چانسلر نے حل کرنے ہیں اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی ان کو مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت طبی لحاظ سے آزمائش کا وقت ہے اور اس دوران ڈاکٹرز کی جانب سے کام بند کرنا قابل ستائش نہیں ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ اس وقت نشتر ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 47 ہے جس میں سے 30 کا ٹیسٹ مثبت اور ایک کا منفی آچکا ہے جبکہ 16 مریض مشتبہ ہیں۔بعد ازاں وائسں چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے بھی میڈیا کو کرونا کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 858128
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش