1
Monday 27 Apr 2020 04:06

دفاعی سیٹیلائٹ ایرانی خلائی پروگرام اور مسلح افواج کی ایک بڑی کامیابی ہے، صیہونی حکام کا درد بھرا اعتراف

دفاعی سیٹیلائٹ ایرانی خلائی پروگرام اور مسلح افواج کی ایک بڑی کامیابی ہے، صیہونی حکام کا درد بھرا اعتراف
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی طرف سے اپنے پہلے دفاعی سیٹیلائٹ "نور-1" کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں پہنچائے جانے اور اس کے اپنے مدار میں آجانے کے 4 دنوں کے بعد غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کے حکام کی طرف سے بھی ایرانی کامیابی کے اعتراف پر مبنی بیانات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ صیہونی اخبار "ہاآرتز" نے ایک اعلیٰ اسرائیلی فوجی افسر سے نقل کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دفاعی سیٹیلائٹ "نور-1" کو کامیابی کے ساتھ خلاء میں پہنچانے کا ایرانی اقدام دراصل ایرانی خلائی پروگرام اور خاص طور پر ایرانی مسلح افواج کی ایک بڑی کامیابی ہے، جس میں انتہائی اہم یہ حقیقت ہے کہ ایران پابندیوں کے باوجود اپنے خلائی سیٹیلائٹ کو لانچ کرنے میں کسی قسم کی شکست سے دوچار نہیں ہوا۔

اسرائیلی میزائل پروگرام کے بانی انجینئر یوزی روبن نے بھی ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ کے کامیابی کے ساتھ خلاء میں پہنچائے جانے کے اقدام کے حوالے سے "ہاآرتز" سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی سیٹیلائٹ لانچر اور خود دفاعی سیٹیلائٹ، ایران کی زیرزمین لیبارٹری کے اندر افقی صورت میں اسمبل کئے جانے اور اس میں ایندھن بھرے جانے کے بعد خلاء میں لانچ کیا گیا ہے، جبکہ میرا خیال ہے کہ ایران کی طرف سے یہ سیٹیلائٹ، مزید فوجی سیٹیلائٹس بھیجے جانے کے مقصد سے آزمائشی بنیادوں پر لانچ کیا گیا ہے۔ یوزی روبن نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایران نے اپنے اس اقدام کے ذریعے یہ طاقتور پیغام ارسال کیا ہے کہ کرونا وائرس کے بحران کے باوجود اس نے اپنی خود اعتمادی پر بھروسہ کرتے ہوئے فوجی سیٹیلائٹ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کرکے خطے میں فوجی برتری حاصل کر لی ہے۔

اسرائیلی انجینئر یوزی روبن نے کہا کہ ایرانی دفاعی سیٹیلائٹ کے کامیابی کے ساتھ لانچ کئے جانے میں ایک اور اہم پیغام یہ بھی ہے کہ امریکہ کے ساتھ موجود شدید تناؤ اور ایران پر عائد سخت اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایرانی مسلح افواج اپنے تحقیقاتی و ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ ایران کی طرف سے دفاعی سیٹیلائٹ لانچ کرنے کے فوراً بعد ہی امریکی وزارت خارجہ کے ردعمل کے ساتھ ساتھ اسرائیلی وزارت خارجہ نے بھی اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران پر مزید اور سخت اقتصادی پابندیوں کے عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل ایرانی سیٹیلائٹ پروگرام پر مزید سخت بین الاقوامی پابندیاں عائد کئے جانے کا خواہاں ہے، تاکہ ایرانی حکومت مزید ناگوار اور خطرناک اقدامات انجام نہ دے پائے۔
خبر کا کوڈ : 859172
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش