0
Thursday 30 Apr 2020 02:42

سندھ حکومت کراچی میں کاروبار کرنیوالوں سے جانبدارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے، مصطفیٰ کمال

سندھ حکومت کراچی میں کاروبار کرنیوالوں سے جانبدارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سندھ حکومت کراچی میں کاروبار کرنے والوں سے جانبدارانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہے، محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کے ایک خاص طبقے اور ایک خاص زبان بولنے والوں کے کاروبار کو تباہ کیا جا رہا ہے، جو ایک تشویشناک عمل ہے، پاک سرزمین پارٹی حکومتی تعصب کی سخت مذمت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کونسل اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سے پاکستان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو نوے فیصد بجٹ فراہم کرنے والے کراچی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں، پی پی پی سندھ  پر بارہ سال سے حکومت کررہی ہے، لیکن کراچی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 136 اسسٹنٹ کمشنر لگائے گئے، ان میں سے ایک بھی اردو بولنے والا نہیں ہے، جب سندھ کی بیوروکریسی سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے پانچ پانچ افراد کیمشن حاصل کریں گے تو عوام کے اذہان میں سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے بعد سیاست بدل گئی، لیکن کہیں کی سیاست نہیں بدلی ہے تو وہ صرف پاکستان میں نہیں بدلی اور کتنے افسوس کی بات ہے، پاکستان میں کورونا وائرس پر سیاست ہو رہی ہے، خدانخواستہ اٹلی جیسی صورت حال ہوگئی تو ہم کیا کریں گے، یہ وقت انسانیت اور پاکستان کو بچانے کا ہے، کیونکہ کورونا وائرس پوری انسانیت کیلئے خطرہ ہے۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ایس پی کا فلاحی ادارہ پی ایس پی فاؤنڈیشن دن رات کام کر رہا ہے اور سحری کے اوقات میں بھی مستحقین کو راشن سمیت پکا ہوا کھانا بھی پہنچا رہا ہے، پی ایس پی فانڈیشن اللہ کی رضا کی خاطر اپنی مدد آپ کے تحت سفید پوش خاندانوں کی عزت نفس مجروح کیے بغیر ان کی مدد کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 859815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش