0
Saturday 2 May 2020 22:10

سندھ حکومت کس منہ سے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہی ہے، فیصل واوڈا

سندھ حکومت کس منہ سے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگ رہی ہے، فیصل واوڈا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کس منہ سے وزیراعظم عمران خان سے استعفی مانگ رہی ہے، سندھ حکومت کی نااہلی سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، سندھ حکومت کے پاس لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی پلان نہیں زبانی جمع خرچ کررہی ہے، وزیراعلیٰ سندھ مستعفی ہوں اور خود کو آئیسولیٹ کریں اور صوبے کو پاک کریں۔ کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ صوبائی حکومت لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی ہے، پتہ نہیں سندھ حکومت کس منہ سے استعفی مانگ رہی ہے، اگر ہم کچھ کرنے پر آئیں تو بہت کچھ کرسکتی ہیں، سندھ حکومت نااہلی چھپانے کیلئے بیان بازی کررہی ہے، پیپلز پارٹی نے سندھ میں اربوں روپے کی کرپشن کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت امداد مستحقین تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کو موجودہ صورتحال میں عوامی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، احساس پروگرام پوری سندھ میں شروع کیا گیا ہے، وفاقی حکومت نے سندھ کو ٹیسٹنگ کٹس کی صورت میں امداد فراہم کی ہے، سندھ میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین ابھی تک تیار نہیں ہوسکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس لاک ڈاؤن کے علاوہ کوئی پلان نہیں زبانی جمع خرچ کررہی ہے، وفاقی حکومت پر تنقید صرف سیاسی منافقت ہے، سندھ حکومت پہلے اپنے گریبان میں جھانکے پھر دوسروں پر تنقید کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئی لاک ڈاؤن نظر نہیں آرہاہے، ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے کورونا مزید پھیل رہی ہے، صوبے میں تباہی بربادی کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، کراچی کو ان کے رحم و کرم پر مزید نہیں چھوڑ سکتے، گورنر راج لگ سکتا ہے، لگا سکتے ہیں پر چاہتے ہیں کہ خود چھوڑ کر چلے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کی ایک اور کھیپ بلدیہ بھیج رہا ہوں دوستوں کی مدد سے سب کچھ کیا ہے، 35 سال سے منتخب ہونے والے لوگ کہیں نظر نہیں آرہے ہیں، عزت نفس کو سامنے رکھتے ہوئے راشن گھر پہنچائیں گے، ضرورت مندوں کی تصدیق کے بعد یہ سب کچھ کررہے ہیں، پیپلز پارٹی کے لوگ ایئرکنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھ کر روتے ہیں، گندم کی لاکھوں بوریاں غائب کی گئی ہیں، لاڑکانہ نوابشاہ کا حال دیکھ کر کراچی کو آپ کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔
خبر کا کوڈ : 860339
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش