0
Sunday 10 May 2020 11:06

لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مفازۃ الحیات ہسپتال میں قرنطینہ سنٹر قائم

لاہور، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے مفازۃ الحیات ہسپتال میں قرنطینہ سنٹر قائم
اسلام ٹائمز۔ حوزہ علمیہ جامعہ عروة الوثقیٰ کے زیراہتمام مفازةالحیات ہسپتال میں 93 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ چونگی امر فیروز پور روڈ پر قائم قرنطینہ سنٹر کا افتتاح صوبائی ترجمان حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے کیا۔ اس موقع پر علامہ توقیر عباس، علامہ ناصر عباس کربلائی، علامہ امتیاز کاظمی، رکن پنجاب اسمبلی چودھری امین، ڈاکٹر فیاض رانجھا، ایم ایس مفازة الحیات ہسپتال ڈاکٹر علی حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کرونا وائرس عالمی وباہے۔ پوری قوم کو مل کر اس سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے جامعہ عروہ الوثقی کے زیراہتمام مفازة الحیات ہسپتال کے قیام اور علامہ جواد نقوی کی علمی، تحقیقی اور اتحاد امت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیگر مدارس، علماء اور سماجی شخصیات کو بھی دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے میدان میں آنا چاہئے۔ کرونا کے مریض ہمارے اپنے ہیں اور ہمیں ہی ان کی حفاظت کرنی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک بیداری امت مصطفے کے سربراہ علامہ جواد نقوی کی ہدایت پر کرونا وائرس کے مریضوں کیلئے مفازة الحیات قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا ہے جو کہ جامعہ عروہ الوثقیٰ کیساتھ منسلک ہے۔ اس قرنطینہ سنٹر میں ابتدائی طور پر آئسولیشن وارڈ سمیت 93 بیڈز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان برائے کوڈ 2019 اور پنجاب ہیلتھ کیئر ایس او پیز اور رہنما اصولوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔

علامہ جواد نقوی کی سرپرستی میں المصطفی اسکاوٹس نے ملک بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں میں سپرے مہم چلائی اور عبادت گاہوں کے باہر جراثیم کش گیٹ نصب کیے گئے جبکہ سوشل میڈیا پر کرونا بارے آگاہی مہم بھی چلائی گئی۔ مفاذةالحیات ہسپتال کے ترجمان کے مطابق قرنطینہ سنٹر میں جدید طبی آلات موجود اور تمام ضروری سہولیات بہم پہنچائی گئی ہیں۔ قرنطینہ سنٹر میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت دستیاب ہے۔ 25 بیڈز پر مشتمل ایک پورا فلور صرف خواتین مریضوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ قرنطینہ سنٹر کے کمرے کھلے اور ہوا دار ہیں۔ پینے کا پانی، وائی فائی، اور ایل سی ڈی کا بھی قرنطینہ سنٹر میں اہتمام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کی تجویز پر روزانہ کی بنیاد پر مریضوں کیلئے بھر پور قوت مدافعت پیدا کرنے والے کھانوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرنطینہ سنٹر میں داخل ہونے والے مریضوں کے لئے باجماعت نماز پنجگانہ کا اہتمام بھی صاف ستھرے ماحول میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی اور نفسیاتی ماہرین کی مدد سے کورونا بیماری کی وجہ سے پیدا ہونے والے منفی جذبات پر قابو پانے میں مدد کیلئے نفسیاتی ماہرین موجود ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ اس قرنطینہ سنٹر کے قیام میں مخیر حضرات نے مالی تعاون کیا ہے۔ اللہ تعالی ان کی توفیقات میں اضافہ کرے۔ انشاءاللہ مزید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 861797
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش