0
Thursday 14 May 2020 12:11

اہلسنت جماعتوں نے مدارس، مساجد پر پابندی غیر منصفانہ قرار دیدی

اہلسنت جماعتوں نے مدارس، مساجد پر پابندی غیر منصفانہ قرار دیدی
اسلام ٹائمز۔ سنی تنظیمات، مدارس کا مشترکہ پلیٹ فارم تحفظ ناموس رسالت محاذ کی طرف جاری مشترکہ اعلامیہ میں کورونا وائرس کے باعث مدارس، مساجد اور مزارات پر حکومتی پابندیوں کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں شہادت حضرت علیؑ، تقریبات نزول قرآن، محافل شبینہ، جمعۃ الوداع اور عید الفطر بھرپور انداز میں منائی جائیگی۔ اگر حکومتی اداروں نے ہمارے علماء، آئمہ، مساجد کی انتظامیہ کو پریشان یا ہراساں کرنے کی کوشش کی تو تحریک چلائیں گے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کرکے شہریوں کو کورونا وائرس کے سامنے بے بس چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ رسولیہ شیرازیہ بلال گنج لاہور میں تحفظ ناموس رسالت محاذ لاہور کا اہم ہنگامی اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کیا گیا۔ یہ اعلامیہ جماعت اہلسنت پاکستان، مرکزی جماعت اہلسنت، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی)، پاکستان سنی تحریک، مجلس علماء اہلسنت لاہور، انجمن اشاعت دین اسلام، تحریک دعوت حق، بزم مشتاقان رسول، جامعہ نعیمیہ، جامعہ حنفیہ، جامعہ رسولیہ شیرازیہ، جامعہ محمدیہ غوثیہ، فخر العلوم علماء کونسل، نعیمین ایسوسی ایشن، انوار مدینہ، مصطفائی تحریک، تنظیم اتحاد امت پاکستان، محافظان ختم نبوت اور تحریک فدایان ختم نبوت دیگر سنی جماعتوں کی متفقہ مشاورت سے جاری کیا گیا۔

اجلاس میں علامہ رضائے مصطفی نقشبندی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، مولانا عبداللہ ثاقب، مفتی عمران حنفی، مولانا محمد علی نقشبندی، مولانا نعیم جاوید نوری، علامہ رب نواز حقانی، علامہ طاہر شہزاد، مفتی مسعود الرحمن، مفتی انوار، ارشد نعیمی، مفتی قیصر، پیر بشیر احمد یوسفی، شفیق اللہ اجمل، رمضان فیضی سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے علماء نے شدید تنقید کی اور کہا اب جبکہ کورونا کو کنٹرول کرنے کا وقت آیا تھا، تو حکومت نے عوام کو کرونا وائرس کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا، اس سے قبل مدارس کے امتحانات، بزرگان دین کے عرس، معراج النبی، شب برات کے پروگرام پر پابندی لگائی گئی اور مزارات کو بند کر دیا گیا، یہ پابندی طوعاً و کرھاً قبول کی گئی، حکومتی ایس او پیز میں وضو خانہ پر پابندی نہ تھی لیکن وہ بھی بند کروا دیئے گئے، اہلسنت نے ان تمام پابندیوں کو ملکی حالات کے پیش نظر قبول کیا لیکن اب اہلسنت کی نمائندہ تنظیم تحفظ ناموس رسالت محاذ لاہور اہلسنت کے علماء اور مساجد انتظامیہ کو رمضان المبارک کے آخری عشرہ کے بارے میں رہنمائی کرتے ہیں کہ مساجد کے وضو خانے کھول دیئے جائیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 21 رمضان المبارک کو شہادت حضرت علیؑ مساجد میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے۔ آخری عشرہ کے جملہ دینی و روحانی پروگرامز شب قدر، جمعۃ الوداع، ختم قرآن پاک اور عیدالفطر کے پروگرام بھی پورے مذہبی جوش و جذبے سے منعقد کئے جائیں۔ اجلاس میں عیدالفطر کے بعد مدارس دینیہ کو شیڈول کے مطابق کھولنے پر بھی غور کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 862618
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش