0
Thursday 21 May 2020 21:10

قبلہ اول کا سودا کرنے کیلئے ڈیل آف سینچری کے شرمناک منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، تحریک آزادی القدس پاکستان

قبلہ اول کا سودا کرنے کیلئے ڈیل آف سینچری کے شرمناک منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، تحریک آزادی القدس پاکستان
اسلام ٹائمز۔ تحریک آزادی القدس پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام کو دربدر کرنے اور قبلہ اول کا سودا کرنے کیلئے ڈیل آف سینچری کے نام سے شرمناک منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں، امت مسلمہ کے مسائل کا حل عالم اسلام کے اتحاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی پریس کلب میں آزادی القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین میں خطیب نشتر پارک مولانا شہنشاہ حسین نقوی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مبشر حسن، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا عقیل انجم، ایم کیو ایم پاکستان کے میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا ناظر عباس تقوی، ڈویژنل صدر آئی ایس او کراچی محمد عباس اور فلسطین فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل صابر ابومریم سمیت دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کی سرزمین فلسطین پر اولین حق فلسطینیوں کا ہے، مئی 1948ء میں 14 لاکھ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کر دیا گیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست وجود میں لائی گئی، جو غیر قانونی عمل تھا، قبلہ اول کی آزادی کے لئے ایک لاکھ فلسطینی نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں، آج بھی امریکہ اور اسرائیل اس کوشش میں ہیں کہ مغربی کنارے کے مزید 30 فیصد رقبہ پر قبضہ کر لیا جائے، ہم فلسطین کے خلاف تمام عالمی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ اور اقوام عالم فلسطینیوں کی قانونی جدوجہد کی زبانی حمایت کرتے ہیں، تاہم مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عالم اسلام کی نااتفاقی اور اسلام دشمن قوتوں پر بھروسہ ہے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملک میں موجود سیکولر ازم اور لبرل ازم کی دلدادہ ایلیٹ کلاس اور مقتدر طبقہ پاکستان میں اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتا، اس کے باوجود وہ مسلمانوں کے دل سے اسلام اور پیغمبر اسلام (ص) کی محبت کو کم نہیں کرسکا، اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو جمہوری طریقے سے بھی آگے بڑھنے سے روک رہے ہیں، مغرب کا رویہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے تباہ کن اور دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی سازش ہے، امت کے اجتماعی مفاد کیلئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو امریکہ و مغرب کی غلامی چھوڑ کر اتحاد عالم اسلامی کیلئے کوشش کرنا ہوگی، فلسطینی عوام کو دربدر کرنے اور قبلہ اول کا سودا کرنے کیلئے ڈیل آف سینچری کے نام سے شرمناک منصوبہ شروع کیا گیا ہے، ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل عالم اسلام کے اتحاد میں ہے۔
خبر کا کوڈ : 864104
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش