0
Thursday 21 May 2020 23:48

جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام یومِ پاکستان و جشن نزول قرآن منایا گیا

جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام یومِ پاکستان و جشن نزول قرآن منایا گیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے زیر اہتمام 27 رمضان المبارک کو یومِ پاکستان اور جشن نزول قرآن کراچی تا کشمور سندھ بھر میں بھرپور طریقے سے منایا گیا، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، ٹھٹہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور نواب شاہ سمیت سندھ بھر میں اس حوالے سے منعقدہ تقریبات سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی، ضلعی و مقامی قائدین، علمائے کرام و دانشوروں نے قیام پاکستان کے حوالے سے بانی قائداعظم محمد علی جناحؒ سمیت تحریک پاکستان کے رہنماﺅں کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوں پر اظہار خیال کیا۔ صوبائی دفتر قباء آڈیٹوریم کراچی میں اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد مسلم نے کہا کہ رمضان شریف جنگ بدر و فتح مکہ سے لیکر یومِ باب الاسلام تک مسلمانوں کی فتوحات و کامیابیوں کا مہینہ ہے، نزول قرآن اور قیام پاکستان کا انعام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔

محمد مسلم نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکت خداداد پاکستان پوری امت کے امیدوں کی کرن ہے، قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کی تکمیل کی بجائے غیروں کی غلامی اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی اس نعمت کی بے قدری کی وجہ سے آج وطن عزیز مہنگائی، بیروزگاری، کرپشن اور معاشی بدحالی سمیت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان اور نزول قرآن اس بات کا متقاضی ہے کہ ہمیں اس ملک میں اسی نظام اور قانون کو نافذ کرنا ہوگا، اسلام و پاکستان ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن ایک انقلابی کتاب ہے، جنہوں نے اسے اپنی زندگی کا دستور عمل بنایا، وہ دنیا کے امام بن گئے، جن قوموں نے اس کی دعوت سے منہ موڑ لیا ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن گئی۔ تقریب سے ناظم عمومی مولانا محمد دین منصوری اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 864126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش