0
Thursday 28 May 2020 21:13

سندھ میں شراب خانوں کو بند کرکے سرکاری اسپتالوں میں عوام کا علاج شروع کیا جائے، راشد محمود سومرو

سندھ میں شراب خانوں کو بند کرکے سرکاری اسپتالوں میں عوام کا علاج شروع کیا جائے، راشد محمود سومرو
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے جعلی ڈومیسائل بنانے پر تفتیش اور کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں شراب خانوں کو بند کرکے سرکاری اسپتالوں میں عوام کا علاج شروع کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راشد محمود سومرو نے کہا کہ ہم سندھ میں دوسرے صوبوں کے جعلی ڈومیسائل بنانے پر قائم کردہ کمیشن کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، چیف سیکرٹری کی جانب سے قائم کردہ کمیشن تفتیش کرے، اگر جعلی ڈومیسائل بنانے کے ثبوت ملتے ہیں تو پھر پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کو جواب دینا ہوگا کہ یہ غلط کام کس طرح ہوا ہے، سندھ پر حق صرف اہلیان سندھ کا ہے۔

راشد سومرو کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے حقوق پر ڈاکے ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، بتایا جا رہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی ملی بھگت سے غیر قانونی جعلی ڈومیسائل بنائے جا رہے ہیں، لاک ڈاؤن کے باوجود لاڑکانہ اور دیگر اضلاع میں شراب کے گتوں پر عائد پابندی ختم کرنے اور انہیں بے دھڑک اجازت دینے کے سندھ حکومت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں، ایک طرف مدارس مساجد اور کاروبار کی بندش سے عام لوگوں کی زندگی اجیرن بنائی گئی ہے تو دوسری طرف شراب کے گتے کھولنے کی اجازت دینا عذاب خداوندی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، سندھ حکومت نے شراب خانے کھولنے کا فیصلہ واپس نہ لیا تو جے یو آئی کے کارکنان شراب کے گتوں کی تالا بندی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ سول ہسپتال سمیت سندھ میں سرکاری ہسپتالوں میں علاج نام کی کوئی چیز نہیں ہے، آغا خان اسپتال کراچی اور لاڑکانہ سول ہسپتال کی بجٹ برابر ہے مگر علاج نہیں ہے۔ راشد محمود سومرو کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج میڈیسن کی مد میں اربوں روپے کا بجٹ کہاں استعمال ہو رہا ہے، اگر لاڑکانہ سمیت سرکاری ہسپتالوں میں علاج نہیں کیا گیا تو جے یو آئی سخت احتجاج کرے گی، سرکاری ہسپتالوں میں خرچ کی گئی رقم کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام علاج نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں، سندھ حکومت کورونا وائرس پر سیاست کرنے کی بجائے عوام کے علاج اور انہیں  بنیادی حقوق کی فراہمی پر توجہ دے۔
خبر کا کوڈ : 865322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش