0
Tuesday 2 Jun 2020 20:21

نیب کے لاہور میں مختلف مقامات پر چھاپے، شہباز شریف ’’غائب‘‘ ہو گئے

نیب کے لاہور میں مختلف مقامات پر چھاپے، شہباز شریف ’’غائب‘‘ ہو گئے
اسلام ٹائمز۔ نیب کے سامنے پیش نہ ہونے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے، شہباز شریف ہاتھ نہ لگے۔ تفصیلات کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) میں عدم پیشی پر نیب کی ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاﺅن پہنچی، جہاں اپوزیشن لیڈر موجود نہیں تھے۔ نیب کی ٹیم ڈیڑھ گھنٹہ ماڈل ٹاﺅن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ میں رہی، لیکن اپوزیشن لیڈر کے گھر پر موجود نہ ہونے کے باعث وہاں سے روانہ ہو گئی۔

بعدازاں نیب کی ٹیم شہباز شریف کی گرفتاری کیلئے جاتی امراء گئی مگر شہباز شریف وہاں بھی موجود نہیں تھے۔ نیب ٹیم نے مخبر کی اطلاع پر لاہور کے نواحی علاقے بھیسن میں سہیل شوکت بٹ کے ڈیرے پر بھی چھاپہ مارا لیکن تاحال میاں شہباز شریف کو گرفتار نہیں کر سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو پہلے ہی اطلاع مل گئی تھی کہ نیب کی ٹیم انہیں گرفتار کرنے کیلئے آ رہی ہے جس پر وہ فوری طور پر نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے۔ واضح رہے کہ آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نیب میں پیش نہیں ہوئے بلکہ اپنے وکیل کے ذریعے تفصیلی جواب جمع کرا دیا۔ نیب آفس لاہور میں شہباز شریف کی پیشی کیلئے کورونا سے بچاو کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاہم شہباز شریف پیش نہیں ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے نیب میں جواب جمع کرا دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس اس وقت اپنے عروج پر ہے، نیب کے کچھ افسران بھی کورونا کا شکار ہو چکے ہیں۔ شہباز شریف نے جواب میں کہا کہ میری عمر 69 سال ہے اور کینسر کا مریض بھی ہوں، نیب تحقیقاتی ٹیم مجھ سے اسکائپ کے ذریعے سوالات کر سکتی ہے۔ جبکہ شہباز شریف نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے درخواست بھی دائر کی تھی تاہم ان کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر نہیں ہو سکی البتہ ہائیکورٹ ذرائع کے مطابق ان کی درخواست پر کل 3 جون کو دو رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کی سماعت سے قبل ہی نیب حرکت میں آ گیا اور ان کی گرفتاری کیلئے ٹیم روانہ کر دی ہے جو لاہور میں انہیں تلاش کر رہی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 866221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش