0
Saturday 6 Jun 2020 20:02

سندھ میں کرپشن اور گورننس کے فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے، فیاض الحسن چوہان

سندھ میں کرپشن اور گورننس کے فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے، فیاض الحسن چوہان
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو ایک دفعہ پھر اپنے خود ساختہ قرنطینہ سے واجبی بیان بازی کرنے نکلے ہیں ان کی وفاقی حکومت پر تنقید ناچ نہ جانے آنگن ٹیڑھا کی مثال ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کا الزام وفاق پر لگانا بلاول بھٹو کی نادانی کا ثبوت ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ عوام اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کی خود مختاری کی باتیں سنتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرف دور تک پاکستان سٹیل مل ایک منافع بخش ادارے کے طور پر کام کرتی رہی جبکہ 2008ء سے 2015ء تک پاکستان سٹیل مل خسارے میں چلنے کے بعد بند ہو گئی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آل شریف اور آل زرداری اپنی بدانتظامی سے منافع بخش قومی اداروں کو گھٹنوں پر لے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرپشن اور گورننس کے فقدان کا الزام وفاق پر تھوپنا پیپلز پارٹی کا شیوہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں کورونا کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ خیال رہے کہ سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے جوفیصلے لیے گئے ان میں ہماری خودمختاری نہیں رہی، وفاق اور ہمارا بیانیہ سب کے سامنے ہے، میں کس کو ذمہ دار ٹھہراؤں مگر  پاکستان میں کورونا کے کیسز پھیلنے کی ذمہ داری کسی کو تو اٹھانی پڑے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ کورونا وائرس پھیل چکا ہے ہم کچھ نہیں کر سکتے۔
خبر کا کوڈ : 866977
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش