0
Sunday 7 Jun 2020 00:34

حکومت کے غیر سنجیدہ رویے نے کورونا کو پھیلنے کا موقع دیا، سراج الحق

حکومت کے غیر سنجیدہ رویے نے کورونا کو پھیلنے کا موقع دیا، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جہاں ڈاکٹروں کو صحت کا تحفظ حاصل نہ ہو وہاں مریضوں کا پرسان حال کون ہوگا۔ ڈاکٹرز قوم کے محسن، شہداء اور ان کے خاندانوں کو سرکاری سطح پر پذیرائی ملنی چاہئے۔ سرکاری ہسپتالوں میں جگہ نہیں تو حکومت کرونا کے مریضوں کا علاج پرائیویٹ ہسپتالوں سے کرائے۔ عوام کو علاج کی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔لوگ اپنے بیماروں کو لیکر کہاں جائیں۔؟ حکومت کورونا ٹیسٹ مفت کرے اور پرائیویٹ لیبارٹریوں کو ٹیسٹ فیس اور ہسپتالوں کو علاج کے اخراجات مہیا کرے۔ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجٹ میں صحت کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے۔ حکومت کے غیر سنجیدہ رویے نے کورونا کو پھیلنے کا موقع دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں امیر لاہور ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد اور پیما کے صدر ڈاکٹر محمد افضل سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت خود احتیاط نہیں کرتی، اس لئے عوام بھی بے احتیاطی کررہے ہیں۔ جس سے بیماری کو پھیلنے کا موقع مل رہا ہے۔ کورونا وبا میں استعمال ہونے والی ممکنہ ادویات بھی مارکیٹ سے غائب ہوگئی ہیں اور ایک انجکشن بلیک میں تین لاکھ روپے تک مل رہا ہے۔ حکومتی انتظامات نامکمل اور ناکافی ہیں۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کا عوام کا اعتماد بالکل ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ ڈاکٹرز ہمارے ہیرو ہیں، ہم ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے حکومت کے منفی رویہ کے باوجود اپنی قوم کی خدمت کی اور لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر کام کرتے رہے۔ کورونا ڈیوٹی کرنے والے عملے کو ڈبل تنخواہ دی جائے۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گزشتہ روز کورونا کا شکار ہوکر شہید ہونے والے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود علی کی رہائش گاہ پر ان کے خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کیلئے بلندی ¿ درجات کی دعا کی۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کنفیوزڈ حکومتی پالیسی کی وجہ سے کرونا میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ امر بھی قابل افسوس ہے کہ کورونا کے بارے میں اب بھی معاشرے میں شکوک و شبہات پھیلائے جارہے ہیں۔ اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب نامور ڈاکٹرز کورونا کی وجہ سے شہید ہوچکے ہیں۔ ملک بھر میں سینکڑوں میل اور فی میل ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا کا شکار ہوچکے ہیں۔ حکومت نے خود بھی ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات پر عمل نہیں کیا۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن واضح کرچکی ہے کہ کورونا سے وفات پانے والے کی میت سے کورونا نہیں پھیلتا، مگر اس کے باوجود انتظامیہ لوگوں کو ان کے پیاروں کی میتیں دے رہی ہے نہ انہیں جنازہ پڑھنے دیا جاتا ہے۔ حکومت کے اس رویے سے لوگوں کے اندر نفرت پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسری بیماریوں کے مریضوں کا علاج ہورہا ہے نہ انہیں ہسپتالوں میں داخل کیا جارہا ہے۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک اور ناقابل برداشت ہے۔ صرف کورونا وارڈ اور آئی سی یو میں پی پی ایز کی فراہمی کافی نہیں، ہسپتالوں کی ایمرجنسی سمیت تمام وارڈز اور عملے کو پی پی ایز کی فراہمی ضروری ہے۔ کئی شہروں کے ہسپتالوں میں طبی عملی تربیت یافتہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 867028
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش