0
Sunday 7 Jun 2020 17:30

عالمی برادری کی کشمیر و فلسطین پر خاموشی منافقت ہے، اعجاز ہاشمی

عالمی برادری کی کشمیر و فلسطین پر خاموشی منافقت ہے، اعجاز ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی گورے پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکت کیخلاف امریکہ، کینیڈا، فرانس، برطانیہ سمیت دنیا بھر میں شدید احتجاج کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص کی ہلاکت پر ردعمل اتنا شدید ہوا ہے کہ دنیا کی سپر پاور ہل کر رہ گئی ہے، لیکن عالمی برادری کی کشمیر اور فلسطین میں پون صدی سے مسلم کشی پر خاموشی منافقت اور بے حسی کی انتہا ہے۔ جو اس بات کا ثبوت اور پیغام ہے کہ سیاہ فام کی زندگی تو اہمیت ہے، خون مسلم کی کوئی قیمت نہیں۔

لاہور میں جے یو پی کے رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رسول خدا کی سیرت طیبہ اور تعلیمات قرآنی کے مطابق تمام انسان برابر ہیں، برتری کا مقام صرف تقوی ہے، کسی گورے کو کالے پر برتری حاصل نہیں، لیکن مغربی دنیا مسلمانوں کو تو شاید انسان بھی نہیں سمجھتی کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں میں سے کسی نے آج تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں کیا اور اسرائیل کی مظالم کی حمایت کر رہی ہیں جبکہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، باعث شرم اور ڈوب مرنے کا مقام تو یہ ہے کہ کسی مسلم ملک نے بھی مظلوم کشمیریوں کی حمایت نہیں کی۔ 300 سے زائد دن سے کشمیر میں کرفیو جاری ہے، لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، افسوس عالمی سطح پر کوئی احتجاج نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین پر مسلم ممالک کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے، او آئی سی کے رکن ممالک کو سب سے زیادہ احتجاج کرنا چاہیے تھا مگر بزدلی کی تصویر بنے یہ مسلم حکمران کسی بھی غیرت مندانہ اظہار کی جرات سے عاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 72 سالوں سے فلسطینیوں کو خود اپنی ہی سرزمین پر مہاجر بنا دیا گیا ہے، ناجائز صیہونی ریاست مسلمانوں کو بے گھر کرکے تشکیل دی گئی، جبکہ اسرائیل کو تحفظ دینے میں جہاں امریکہ کی خباثتیں شامل ہیں، وہیں عرب ممالک کی کھلی حمایت بھی ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ بھارت کی مکاری کا ابھی تک کوئی توڑ نہیں نکالا جا سکا، کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف کوئی مشترکہ لائحہ عمل تیار نہیں کیا جا سکا، مسلمان خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 867078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش