0
Wednesday 10 Jun 2020 22:31

پٹرول بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی ہے، کاشف سعید شیخ

پٹرول بحران حکومتی نظام کے مفلوج ہونے کی نشانی ہے، کاشف سعید شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے گذشتہ دس دنوں سے سوات سے لیکر کراچی تک پیٹرول کی قلت اور عوام کے خوار ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرانے پاکستان میں گرین لائن، اورنج لائن ہوا کرتے تھے، لیکن نئے پاکستان کے دعویدار حکمرانوں نے عوام کو چینی لائن، آٹا لائن کے بعد اب پیٹرول لائن پر کھڑا کرکے رسوا کرنے کا بہترین انتظام کر دیا ہے، تیل کمپنیوں اور پمپ مالکان کی دادا گیری اور عوام دشمنی پر گذشتہ دس دنوں سے حکومت نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کرکے عوام کو خوار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ آئل ریفائنریز، حکومت کی جانب سے سپلائی اور وافر مقدار میں پیٹرول کا اسٹاک موجود ہونے کے باوجود مصنوعی بحران پیدا کرکے 74 روپے والا پیٹرول 150 روپے تک اور وہ بھی عوام کو لمبی لائنوں میں کھڑا کرکے بوتلوں میں دیا جا رہا ہے، نئے پاکستان میں اب پیٹرول پمپس کی بجائے پیٹرول ریڑھیوں پر فروخت کیا جا رہا ہے، جو موجودہ حکمرانوں کا ایک نیا شاہکار ہے۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ تیل ذخیرہ کرنے، مہنگے داموں فروخت کرنے والی مافیا کیخلاف سخت ایکشن لیکر عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اوگرا، وزارت توانائی سمیت پوری حکومت عوام کی ذلت کا تماشا دیکھنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان کورونا وائرس کے بحران سے دوچار ہے، وہیں پٹرول کے بحران نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، پیٹرول کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام دربدر پھر رہے ہیں، جو حکومتی نااہلی اور بدانتظامی کا ایک نیا شاہکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں لوگوں کو کبھی چینی اور آٹے کے بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اب پٹرول کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ کاشف سعید شیخ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبوں اور ضلعی حکومتوں کوپیٹرول کی مصنوعی قلت ختم کرانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے فوری طور پر عوام کو مزید خوار کرنے، خواتین سمیت گاڑیوں کو دھکے لگانے جیسے عمل کے ذریعے مزید بددعائیں لینے کی بجائے پٹرول کی قلت کا خاتمہ اور ذخیرہ اندوزی، گراں فروشی میں ملوث بااثر مافیا کو بے نقاب کرکے عبرت ناک سزا دے۔
خبر کا کوڈ : 867814
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش