1
Monday 29 Jun 2020 15:11
یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ

راہِ حل کا فقدان جارح اتحاد کا بہانہ جبکہ مارٹن گریفیٹس لاحاصل گھن چکر میں گھوم رہے ہیں، انصاراللہ

راہِ حل کا فقدان جارح اتحاد کا بہانہ جبکہ مارٹن گریفیٹس لاحاصل گھن چکر میں گھوم رہے ہیں، انصاراللہ
اسلام ٹائمز۔ یمنی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے یمن پر مسلط کردہ سعودی جنگ کے طول پکڑ جانے اور یمن کے شدید انسانی بحران کے حل و جنگ بندی میں اقوام متحدہ کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفیٹس کی تمام سرگرمیوں کو لاحاصل گھن چکر پر مبنی قرار دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محمد علی الحوثی نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک پیغام میں لکھا ہے کہ جارح ممالک کے ہاتھ میں حقیقی راہِ حل کو قبول نہ کرنے کا بہانہ پےدرپے وقوع پذیر ہونے والے بحران اور (معین کردہ) راہِ حل کا فقدان ہے جبکہ اس صورتحال کے باعث اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ ایک ایسے لاحاصل گھن چکر میں گھوم رہا ہے جس کا کوئی نتیجہ نہیں۔
 

انصاراللہ یمن کی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اگر (یمن کے لئے اقوام متحدہ کا خصوصی) نمائندہ، حقیقی کامیابی کا طالب ہو تو اُسے چاہئے کہ یہ حقیقت تسلیم کر لے کہ (جارح) اتحادی ممالک کی پیشکش فریب (وہم) پر مبنی ہے نہ کہ امن و امان پر! واضح رہے کہ سابق و مستعفی یمنی صدر منصور ہادی عبدربہ کی حکومت واپس لانے کے لئے سعودی عرب کی جانب سے مارچ 2015ء سے یمن پر ہولناک جنگ مسلط کی گئی ہے جو اب اپنے چھٹے سال میں داخل ہو چکی ہے جبکہ دوسری طرف یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفیٹس کی جانب سے تاحال ہونے والی جنگ بندی کی تمام کوششیں بے نتیجہ ثابت ہوئی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 871535
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش