0
Monday 13 Jul 2020 21:28

اجمل وزیر نے اسٹیرنگ کمیٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کی، رپورٹ وزیراعلٰی کو ارسال

اجمل وزیر نے اسٹیرنگ کمیٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کی، رپورٹ وزیراعلٰی کو ارسال
اسلام ٹائمز۔ سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا (کے پی) اجمل وزیر کی مبینہ آڈیو ٹیپ سے متعلق  اشتہار کے معاملے پر محکمہ اطلاعات نے رپورٹ وزیراعلٰی محمود خان کو بھیج دی۔ خیال رہے کہ 2 روز قبل اجمل وزیر کی ایک آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں وہ اشتہاری ایجنسی سے کمیشن کے معاملے پر بات کر رہے ہیں جس کے بعد وزیراعلٰی نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ صوبائی محکمہ اطلاعات کی رپورٹ کے مطابق اجمل وزیر نے اسٹیئرنگ کمیٹی کا ممبر نہ ہونے کے باوجود دونوں میٹنگز میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کے ساتھ مشترکہ صدارت کر کے اسٹیئرنگ کمیٹی کے رولز کی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے اجمل وزیر کے دستخط میٹنگ منٹس پر موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اشتہار حکومتی طریقہ کار قانون اور پالیسی کے تحت ایجنسی کو دیا گیا ہے۔ ایجنسی کو اشتہار دینے کا فیصلہ متفقہ طور پر کیا گیا اور اشتہار حاصل کرنے کیلئے 7 ایجنیسوں نے دلچسپی لی تھی۔

اشتہار دینے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کی یہ دو میٹنگز وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کی زیرصدارت ہوئیں تھیں جن میں سیکرٹری صحت، سیکرٹری اطلاعات اور ڈی جی اطلاعات بھی شریک ہوئے تھے۔ اجمل وزیر کی جگہ وزیراعلٰی کے معاون خصوصی کامران بنگش کو محکمہ اطلاعات کا اضافی چارج دیا گیا ہے وہ وزیراعلٰی کے معاون خصوصی بلدیات الیکشن و دیہی ترقی بھی ہیں۔ دوسری جانب سابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے استعفے کی وجوہات کو ذاتی بتایا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا  ہے کہ بحیثیت مشیر مزید خدمات کو جاری نہیں رکھ سکتا اس لئے وزیراعلٰی کو اپنا استعفٰی بھیج دیا ہے، اشتہاری ایجنسی سے گفتگو کی جو آڈیو ٹیپ سامنے آئی اس میں سیلز ٹیکس کے حوالے سے بات کی جارہی تھی۔
خبر کا کوڈ : 874202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش