0
Friday 17 Jul 2020 21:19

محرم میں مجالس وجلوس عزاء ایس او پیز کے تحت منعقد ہونگے، علامہ عارف واحدی

محرم میں مجالس وجلوس عزاء ایس او پیز کے تحت منعقد ہونگے، علامہ عارف واحدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں مجالس و جلوس عزاء ایس او پیز کے تحت منعقد ہوں گے، علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایات کی روشنی میں صدر مملکت کی زیر صدارت اہم اجلاس میں شرکت و تجاویز دیں اور اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں شریک مکتب تشیع کے تمام علماء کرام نے باہمی مشاورت کے بعد محرم الحرام کی مجالس اور جلوس کے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق کیا۔ اپنے ایک بیان میں علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ حکومت اور علمائے کرام کے درمیان محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں کورونا سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لیے 20 نکاتی ایس او پیز پر اتفاق کر لیا گیا۔ کورونا وبا کے پیش نظر محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کے دوران معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) کی تیاری اور وائرس کے تدارک کے لیے رہنما اصولوں پر عملدرآمد میں تعاون کے لیے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت ممتاز علمائے کرام کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ، وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، علامہ عارف واحدی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈاکٹر غضنفر مہدی، علامہ قمر حیدر زیدی، راجہ بشارت امامی اور علامہ سجاد حسین نقوی نے شرکت کی۔ صوبائی گورنرز، صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان اور چاروں صوبوں سے مختلف علماء کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران علمائے کرام نے متفقہ طور پر عزاداری اور مجالس کے لیے درج ذیل ایس او پیز پر اتفاق کیا، جس میں مجالس و عزاداری میں فاصلے کا خیال رکھا جائے گا، امام بارگاہ میں لوگوں کے بیٹھنے کے لیے نشان لگائے جائیں گے، ماسک کے بغیر کسی کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، امام بارگاہ کی انتظامیہ داخلی راستوں کے باہر ماسک فراہم کرسکتی ہے۔ قالین کے استعمال سے اجتناب کیا جائے گا، البتہ امام بارگاہ سے باہر جراثیم سے پاک چٹائیاں بچھائی جا سکتی ہیں، اگر قالین ہوں تو روزانہ ان پر کلورین کا اسپرے کیا جائے گا۔

گھروں میں منعقدہ مجالس میں بھی ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا، کورونا کی وجہ سے طویل مجالس کے انعقاد سے اجتناب کیا جائے گا، مجالس کو مقررہ وقت پر ہی شروع اور ختم کیا جائے گا، عمر رسیدہ افراد کو عمومی مجالس میں شرکت سے اجتناب کیا جائیگا اور انہیں صرف گھروں کی مجالس تک محدود رہنے کی گزارش کی جائیگی۔ مجالس کے شرکاء غیر ضروری اشیاء اپنے ہمراہ نہیں لائیںگے۔ مصافحہ، معانقہ وغیرہ سے احتراز کیا جائے گا، تبرک اور نیاز کے دستر خوان کی بجائے پارسل کا اہتمام کیا جائے گا۔ عزادار عَلم، تعزیہ اور شبیہہ کی زیارت پر ہجوم سے اجتناب کریں اور دور سے زیارت پر اِکتفا کریں گے۔ عزاداری کے منتظمین مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں گے اور ایک دوسرے سے تعاون کریںگے۔ محرم الحرام اور عاشورہ کے جلوسوں کے لیے ایس او پیز کے تحت لائسنس یافتہ اور روایتی جلوس کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجازت ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلوس میں ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال اور ماسک لگانا ضروری ہوگا، جلوس میں افراد کے مابین مناسب فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا، پانی پینے اور پلانے کے دوران مشترکہ برتن کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے ڈسپوزل گلاس اور پلیٹس کا استعمال کیا جائے گا، رضاکار اسکاوٹس کے ذریعے جلوس کے شرکاء سے ہدایات پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔ شرکاء کی تعداد مناسب اور کم ترین وقت میں جلوس کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے، عمر رسیدہ اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد جلوس میں شرکت سے گریز کریں۔ آخر میں اُنہوں نے کہا عزاداران ِمظلوم کربلا اور بانیان مجالس و لائسنسداران جلوس علم و ذوالجناح و تعزیہ 20 نکاتی ایس اوپیز پر عمل کرکے قومی یکجہتی اور مختلف مکاتب فکر کے مابین ہم آہنگی برقرار رکھنے اور کورونا کے پھیلاﺅ کے انسداد میں تعاون کرنے اور عزاداروں کے جان کے تحفظ کو یقینی بنائیں، علامہ عارف واحدی نے صدر مملکت، وزیر داخلہ، وزیر مذہبی امور کی طرف سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 875054
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش