0
Saturday 18 Jul 2020 19:41

وفاقی حکومت احسان اللہ احسان کے بارے میں جواب دے، شیریں رحمان

وفاقی حکومت احسان اللہ احسان کے بارے میں جواب دے، شیریں رحمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے مبینہ طور پر فرار ہونے والے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کے بارے میں حکومت سے جواب مانگ لیا۔ سینٹ میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمٰن نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کی گرفت میں کیوں نہیں ہے؟۔ شیری رحمٰن نے حکومت سے پورے واقعے کی تفصیلات بتانے کا مطالبہ کیا اور یہ بھی پوچھا کہ احسان اللہ احسان کو کس نے آزاد کرایا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ وہی شخص تھا جس نے (تحریک طالبان پاکستان کی طرف) سے پشاور میں آرمی پبلک اسکول میں قتل عام کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے احسان اللہ احسان کی ایک ٹوئٹ کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اپنی والدہ کی طرح انجام کو پہنچیں گے، اس پر سینیٹر نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو کوئی نقصان پہنچا تو وزیراعظم عمران خان اس کے ذمہ دار ہوں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے اسامہ بن لادن جیسے دہشت گرد کو شہید قرار دینے پر بھی تنقید کی۔ واضح رہے کہ اپریل 2017 میں فوج نے اعلان کیا تھا کہ احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے لیکن اس کی گرفتاری سے متعلق حالات یا صورتحال کے بارے میں بہت کم تفصیلات پیش کی گئی تھیں۔ بعدازاں اسی ماہ ٹی ٹی پی کے سابق ترجمان نے ٹیلیویژن پر اپنے جرائم کا اعتراف بھی کیا تھا۔ تاہم احسان اللہ احسان مبینہ طور پر رواں سال کے اوائل میں حراست سے فرار ہو گئے تھے، 6 فروری کو جاری ایک آڈیو پیغام میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایک معاہدے کے تحت حکام کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے لیکن پاکستان کے غدار اداروں نے انہیں ان کے بچوں سمیت قید کردیا تھا جس کے بعد وہ فرار ہوگئے۔
خبر کا کوڈ : 875240
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش