0
Monday 20 Jul 2020 20:38

جماعت اسلامی سندھ کے ضلعی امراء کا ویڈیو لنک پر اجلاس

جماعت اسلامی سندھ کے ضلعی امراء کا ویڈیو لنک پر اجلاس
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ فرسودہ نظام اور نااہل قیادت کی وجہ سے ملک و قوم آج مہنگائی، بیرزگاری، سود، مقروض اور بیرونی جارحیت سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں، مسائل سے نجات کا واحد حل اسلام کا عادلانہ نظام اور بے داغ قیادت ہے، جماعت اسلامی غلبہ دین کی عالمگیر تحریک ہے، ذمہ داران الخدمت کے رضاکاروں کے ساتھ ملکر اجتماعی قربانی اور چرم قربانی مہم کی بھرپور منصوبہ بندی کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم کراچی میں زوم پر ویڈیو لنک پر اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں سندھ بھر سے ضلعی امراء، جمعیت اور یوتھ کے ذمہ داران بھی شریک تھے، جبکہ اجلاس سے قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امراء ممتاز حسین سہتو، حافظ نصراللہ عزیز، عبدالغفار عمر اور یوتھ سندھ کے صدر فرہاد گل نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور اسلام آباد میں حکومتی خرچ پر مندر کی تعمیر کے خلاف قراردادبھی منظور کی گئی۔


محمد حسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی خدمت خلق کے اس کام کو انسانیت کی خدمت اور رب کی رضا کا ذریعہ سمجھتی ہے، جماعت اسلامی کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعووں پر نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میئر کراچی عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان سے لیکر صوبہ خیبرپختونخوا کے دو مرتبہ سینئر وزیر رہنے والے سینیٹر سراج الحق کا کردار اور کام پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی طور پر ایک بڑا ادارہ ہے، جو ملک بھر میں بلا تفریق انسانیت کی خدمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے اگر جماعت اسلامی کی قیادت کو موقع دیا، تو وہ اسی طرح ملک قوم کی بھرپور خدمت اور ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 875583
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش