0
Wednesday 22 Jul 2020 08:58

چین کیخلاف عالمی اتحاد قائم کرنا چاہتے ہیں، مائیک پومپیو

چین کیخلاف عالمی اتحاد قائم کرنا چاہتے ہیں، مائیک پومپیو
اسلام ٹائمز۔ امریکا کے سکیریٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو نے چین پر کورونا وائرس کی وبا کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر اتحاد کا خواہاں ہے۔ خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کو امریکا کا مرکزی حریف قرار دیا تھا اور صدر شی جن پنگ کو تجارتی معاملات میں برتری حاصل کرنے کے لیے کورونا وائرس کے باعث پورا سچ نہ بولنے کا الزام عائد کردیا۔ ٹرمپ نے کورونا کو چینی وبا سے بھی تعبیر کیا تھا۔ مائیک پومپیو نے لندن کے دورے میں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے ہواوے کی 5 جی سروس کو بند کرنے کے احکامات کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ درست فیصلہ ہے کیونکہ اس کے باعث اہم مواد چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ہاتھوں میں جانے سے بچ گیا۔ چین کو جارحیت پسند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین نے میری ٹائم سے متعلق غیرقانونی دعوے کیے، ہمالیائی ممالک کو بے وقوف بنایا، کورنا کی وبا کو چھپایا اور شرم ناک طریقے سے اس کو اپنے مفاد کے لیے استعمال کیا۔ برطانوی خارجہ سیکریٹری ڈومینک راب کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں پومپیو نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہم ایک اتحاد تشکیل دے سکیں گے جو چین کی کمیونسٹ پارٹی کے خطرے کو سمجھے اور اس کو سمجھا سکیں کہ اس طرح کا رویہ ان کے بہتر مفاد میں نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادی اورجمہوریت پسند اقوام کے حوالے سے چاہتے ہیں کہ وہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے خطرے کو سمجھیں۔ پومپیو نے چین پر کورونا وائرس کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرنے کے الزامات عائد کیے لیکن اس سے متعلق کوئی ثبوت دینے سے قاصر رہے۔ خیال رہے کہ ہانگ کانگ اور کورونا وائرس کے وبا کے معاملات پر برطانیہ نے بھی چین کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے اور ایسے وقت میں پومپیو لندن کا دورہ کررہے ہیں۔ مائیک پومپیو اس دورے میں ممکنہ طور پر برطانیہ کے ساتھ بریگزٹ کے بعد نئے سطح پر تجارتی معاہدے کرںں گے۔ پومپیو کا کہنا تھا کہ وقت ضائع کیے بغیر معاہدہ ہوسکتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دورہ رواں ماہ کے آخر میں رکھا گیا ہے اور امریکا کا بنیادی زور پیش رفت اور فوری طور پر اس کو ممکن بنانے پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 875846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش