0
Thursday 30 Jul 2020 23:01

آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا ضلع خیبر کا دورہ

آئی جی خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا ضلع خیبر کا دورہ
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے آج ضلع خیبر کا دورہ کیا۔ ٹریفک ہیڈ کوارٹرز ضلع خیبر پہنچنے پر سی سی پی او پشاور، ڈی پی او خیبر اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔ ٹریفک پولیس خیبر کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پی کو سلامی پیش کی۔ آئی جی پی نے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز میں پودا بھی لگایا۔ انہوں نے ضلع خیبر میں پولیس اسسٹنس لائن (PAL) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او خیبر نے آئی جی پی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب خیبر کے عوام کو ایک چھت کے نیچے مختلف سہولیات انتہائی سہل اور کم وقت میں بہم پہنچائی جائیں گی۔ جن میں بیرون ملک جانے والے افراد کے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، کریکٹر سرٹیفکیٹ، چوری و ڈکیتی و راہزنی کی رپورٹ، گھر کے کرایہ داران کی ویریفکیشن، قومی شناختی کارڈ کی ویری فکیشن، سرکاری کاغذات کی گمشدگی کی ایف آئی آر وغیرہ شامل ہیں۔

آئی جی پی نے پولیس اسسٹنس لائن میں عوام کی آسانی کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور خدمات کی عوام کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنانا خیبر پختونخوا پولیس کے فرائض میں شامل ہے۔
ضلع خیبر دورے کے موقع پر آئی جی پی نے ٹریفک ہیڈکوارٹرز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور عملے سے ان کی ذمہ داریوں کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے قائم ڈرائیونگ لائسنس برانچ کا بھی دورہ کیا۔ آئی جی پی کو بتایا گیا کہ اب تک خیبر کے عوام کو 2618 ڈرائیونگ لائسنس اور 4026 ڈرائیونگ پرمٹ کا اجراء کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک ہائی وے کے عملے سے اپنے خطاب میں آئی جی پی نے کہا کہ خیبر کے عوام کے ساتھ قانون کے دائرے میں بھرپور تعاون کریں اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں معاون ثابت ہوں۔
خبر کا کوڈ : 877560
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش